پشاور دھماکے سے قیمتی جانوں کا ضیاع ، وزیراعظم کی شدید مذمت

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے پشاور دھماکے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے دھماکے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ عارف علوی نے کہا اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور شہداء کے درجات بلند فرمائے۔پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کوہاٹ روڈ پر واقع مدرسے میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم7 افراد شہید جب کہ 112 سے زائد زخمی ہو گئے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ) کے مطابق دیر کالونی مدرسے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں شہید افراد کی تعداد 7 جب کہ زخمیوں کی تعداد 112 سے زائد ہے۔ ترجمان ایل آر ایچ کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں زیادہ تر جھلسے ہوئے ہیں اور متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں مدرسے میں پڑھنے والے 19 بچے زخمی ہوئے۔ ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق دھماکا ٹائم بم کے ذریعے کیا گیا جب کہ دھماکا خیز مواد بیگ میں رکھ کر مدرسے لایا گیا تھا، واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دھماکے میں 4 سے 5 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے پشاور میں مدرسے میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلباء پر حملہ کرنے والوں کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ شہداء کے لواحقین سے دلی اظہارتعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کوعدم استحکام سے دوچار کرنے والوں کے مذموم عزائم خاک میں ملائیں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button