جلسے سے ایک روز قبل بلاول بھٹو نےپی ڈی ایم کو بڑا جھٹکا دیدیا

کوئٹہ(نیوز ڈیسک) بلاول بھٹو نے پی ڈی ایم کوئٹہ جلسے میں شرکت سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو کوئٹہ جلسے سے ایک روز قبل دھچکا پہنچا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے کل 25 اکتوبر کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شیڈول پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔بتایا گیا ہے کہ بلاول بھٹو ان دنوں انتخابی مہم کے سلسلے میں گلگلت بلتستان میں موجود ہیں، اس لیے انہوں نے کوئٹہ جلسے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی چئیرمین کہ جگہ سابق وزیراعظم یوسف رضا

گیلانی یا راجہ پرویز اشرف کوئٹہ جلسے میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔ دوسری جانب اسکردو میں کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں انقلابی منصوبے چاہیے جو روزگار دیں اور لوگوں کی مدد کریں اور یہ کام صرف پیپلز پارٹی کر سکتی ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر صوبے میں تعلیم پر زور دیا ہے اور کئی تعلیمی ادارے کھڑے کیے ہیں، پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں 7 سال اور پنجاب میں 2 سال لگادیے ہیں لیکن ایک بھی نئی یونیورسٹی یا ہسپتال قائم نہیں کیا‘۔انہوں نے کہا کہ ’عمران خان کی سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست زیر التوا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کا حق نہ دیا جائے‘۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ’ان کے 2018 کے منشور میں آپ کی کوئی بات نہیں کی گئی تھی تاہم جب انتخابات قریب آئے تو انہوں نے آپ کو لولی پاپ دینے کا فیصلہ کیا ہے کہ وہ آپ کو صوبہ دیں گے‘۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا اور آج لاکھوں نوجوان بے روزگار ہیں، انہوں نے گھروں کا وعدہ کیا تھا اور آج تجاوزات کے نام پر لوگوں کو بے گھر کردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’گلگت بلتستان کو عمران خان سے بچانا ہے ورنہ آپ کا مستقبل بھی وہی ہوگا جو آج اسلام آباد میں احتجاج کرنے والوں کا ہے‘۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button