کیپٹن صفدرکی گرفتاری کے دوران سادہ لباس میں ملبوس شخص کسی ادارے کا اہلکار نہیں

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے دوران فون پر ہدایات لینے والا شخص کسی ادارے کا اہلکار نہیں بلکہ مریم صفدر کا اپنا گارڈ ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سماجی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ایک تصویر کے ساتھ لکھا کہ ایک چینل نے خبر چلائی کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار فون پر کسی سے ہدایات لے رہا ہے۔انہوں نےاپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ”ایک چینل پر خبر چلی کہ سادہ کپڑوں میں ملوث اہلکار کسی سے ہدایات لے رہا ہے۔

یہ سب مل کر ماموں بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اصل میں یہ سادہ کپڑوں میں ملبوس شخص کسی ادارے کا اہلکار نہیں۔بلکہ جھوٹی باجی مریم کا اپنا گارڈ ہے۔ کتنا جھوٹ اور بولو گے آپ لوگ”۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ شخص مریم نواز کا اپنا گارڈ ہے ۔ایک اور ٹوئٹ میں ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ یہ کمرے کے دروازے پر زور لگانے والا شخص مریم نواز کا اپنا گارڈ ہے، ن لیگ والو ان کے جھوٹ میں نہ آنا، یہ اس کام کے ماہر ہیں ۔اس ٹوئٹ کا ریپلائے کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس گارڈ کا نام شکور ہے۔ اس کے ساتھ ہی مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ باجی اور کوئی خدمت ؟ ۔ واضح رہے کہ ایک نجی چینل نے کچھ دیر قبل خبر چلائی تھی کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے دوران سادہ لباس میں ملبوس ایک شخص گرفتاری کے دوران فون پر ہدایات لیتا رہا ہے۔ جس پر ردعمل دیتے ہوئے معاون خصوصی شہباز گل نے اس شخص کی تفصیلات فراہم کی ہیں ۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی کراچی میں گرفتاری کی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔ہوٹل کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما کی گرفتاری کے لیے آپریشن 46 منٹ تک جاری رہا، جس کا آغاز صبح 6 بجکر 8 منٹ پر ہوا جب پولیس موبائل ہوٹل کے اندر داخل ہوئیں۔ہوٹل کے مختلف سی سی ٹی فوٹیجز میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ کچھ سادہ لباس اہلکاروں کو بھی دیکھا گیا، فوٹیج میں جو ٹائم نظر آرہا ہے اس میں 6 بجکر 46 منٹ پر پولیس اہلکار سادہ لباس

اہلکاروں کے ہمراہ مریم نواز کے کمرے کے باہر پہنچے جہاں فوٹیج میں ایک سادہ لباس اہلکار کو مسلسل فون پر ہدایات لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔فوٹیج کے مطابق 6 بجکر 48 منٹ پر اہلکار مریم نواز کے کمرے میں داخل ہوئے اور 6 بجکر 50 منٹ پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر باہر نکال کر اپنے ساتھ لے گئے، لفٹ اور لابی کی ویڈیوز میں بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص موبائل سے اس تمام واقعے کی مسلسل ویڈیو بناتا رہا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button