سات ماہ بعد مسجد نبویﷺ کھلنے پر انتہائی رقت آمیز مناظر

مدینہ منورہ(مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی وبا کے باعث گزشتہ کئی ماہ سے روضہ نبوی کو بند کر دیا گیا تھا اور یہاں پر نماز پڑھنے کا سلسلہ بھی معطل ہو گیا تھا۔ اُمتِ محمدی کے ماننے والے لاکھوں افراد روضہ مقدس کی زیارت کو کئی ماہ سے ترس گئے تھے اور اپنی نمازوں میں روزانہ دُعائیں مانگتے تھے کہ انہیں ایک بار پھر روضہ رسول کی زیارت نصیب ہو جائے اور وہ روضہ کے احاطے میں نماز پڑھنے کی سعادت بھی حاصل کر سکیں۔گزشتہ روز روضہ اطہر کو جب سات ماہ کی بندش کے بعد کھولا گیا تو انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے کو آئے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق روضہ اطہر میں

نمازپڑھنے اور سلام پیش کرنے کے لیے آئے مسلمانوں میں سے کئی لوگ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ روضہ شریف کی کئی ماہ بعد زیارت ہونے پر سینکڑوں آنکھیں چھلک گئیں ۔کئی افراد خوشی کے مارے رونے لگ پڑے۔یہ تمام مناظر کیمرے کی آنکھ میں بھی محفوظ ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر خصوصی عمرہ پیکج متعارف کرا دیے ہیں۔پی آئی اے کے متعارف کردہ پیکج کے مطابق جشن ولادتِ رسول ﷺ کے موقع پر پی آئی اے کے ذریعے حجاز مقدسہ کا سفر کرنے پر 12 فی صد خصوصی رعایت دی جائے گی۔یکم تا12 ربیع الاول کے دوران جدہ اور مدینہ منورہ سفر پر 12 فی صد رعایت دی جائے گی۔قومی انٹرنیشنل ایئر لائن کی جانب سے دیے گئے پیکج میں خصوصی رعایت کے ساتھ 12 کلو اضافی سامان لے کے جانے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔پیکج کا اطلاق جدہ اور مدنیہ منورہ جانے والے اور آنے والے تمام سفروں پر ہوگا۔پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن ہمیشہ خصوصی مواقع جوش و جذبے سے مناتی ہے۔ خصوصی پیکج کا مقصد جشن ولادتِ النبی ﷺ کی خوشیوں میں قوم کے ساتھ شامل ہونا ہے۔قبل ازیں قومی ایئر لائن پی آئی اے نے نجف کے لیے چار خصوصی پروازیں آپریٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔پی آئی اے کی جانب سے خصوصی پروازیں 15 سے 17 اکتوبر 2020 کے درمیان چلائی جائیں گی۔پی آئی اے کے ذمہ دار ذرائع کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ کراچی سے دو اورلاہور سے دو خصوصی پروازیں نجف کے لیے اڑانیں بھریں گی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button