حفیظ سینٹرکے تاجرکروڑوں کا سامان جلتا دیکھ کر بلبلا اٹھے، اذانیں دینے لگے

لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع موبائل مارکیٹ حفیظ سنٹر میں لگی آگ پر 10 گھنٹے گزرنے کے باوجود قابو نہیں پایا جا سکا۔ تاجروں نے پلازے کے سامنے میدان میں اذانیں دینا شروع کردیں، کئی تاجر زاروقطار رو کر اللہ سے دعا کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے سب سے بڑے موبائل پلازہ حفیظ سنٹر میں صبح 6 بجے شروع ہونے والی آگ 10 گھنٹوں بعد بھی بھجائی نہ جا سکی۔اپنی آنکھوں کے سامنے اپنا کاروبار جلتا دیکھ کر کئی تاجر رو پڑے۔ کئی تاجروں نے حفیظ سنٹر کے سامنے میدان میں کھڑے ہو کر اذانیں دینا شروع کردی ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ

پر صارفین کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تاجر اذانیں دے رہے ہیں اور کئی تاجر زار و قطار رو رہے ہیں۔تاجر ایک دوسرے کو اللہ سے گڑگڑا کر معافی مانگنے اور دعا کی تلقین کر رہے ہیں۔تاجر اپنی آنکھوں کے سامنے اپنا کاروبار جلتا دیکھ کر رو رہے ہیں۔واضح رہے کہ لاہور کے علاقے گلبرگ میں مین بولیوارڈ پر واقع الیکٹرونکس کے بڑے کاروباری پلازہ میں لگنے والی آگ پر 10 گھنٹوں بعد بھی قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق گلبرگ کے علاقے مین بولیوارڈ پر واقع حفیظ سینٹر میں آگ لگنے کا واقع صبح 6 بجے کے قریب پیش آیا، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پلازہ کے بڑے حصے کو لپیٹ میں لے لیا۔ابتدائی معلومات کے مطابق آگ پلازہ کی دوسری عمارت پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس نے تیسرے فلور کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے پلازہ کے چوتھے فلور پر لوگ موجود ہیں جنہیں نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ریسکیو ترجمان کا بتانا ہے کہ شاپنگ سینٹر میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 33 گاڑیاں اور 60 سے زائد رضاکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ترجمان کا یہ بھی بتانا ہے کہ دکانوں میں لیپ ٹاپ اور موبائل فونز کی وجہ سے آگ کی شدت میں تیزی ہے اور آگ پلازہ کے عقبی حصے میں بھی پھیل گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شاپنگ پلازہ میں آتشزدگی کے باعث دکانداروں کا کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button