پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی اپنی ہی حکومت پر برس پڑے، حکومت کو ناکام قرار دیدیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی نے حکومتی کارکردگی کو ناقص قرار دے دیا، اجلاس میں ایم این اے ثناء اللہ مستی خیل نے کہا کہ ہمارے وزیر اور مشیر ٹکے کے نہیں، گندے انڈے کھانے کیلئے تیار ہوجائیں، مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے،بجلی اور گیس کے بل عوام نہیں دے پا رہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے ایم این اے ثناء اللہ مستی خیل اپنی نشست پر کھڑے ہوگئے۔انہوں نے حکومتی کارکردگی پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ٹیم کارکردگی نہیں دکھا رہی۔ حکومتی ٹیم مکمل ناکام ہوچکی ہے۔

مہنگائی، بجلی گیس کے بلوں میں اضافے پر تشویش ہے۔ بجلی اور گیس کے بل عوام نہیں دے پا رہے۔حکومت گندے انڈے کھانے کیلئے تیار ہوجائے۔ ہمارے وزیر اور مشیر ٹکے کے نہیں۔ مستی خیل نے کہا کہ میں آپ کے ایم این اے کو ہرا کرآیا ہوں، مجھے کوئی خوف نہیں۔وزراء کی بریفنگ پر مت جائیں عوام مہنگائی برداشت نہیں کرپارہے۔ایم این اے نورعالم نے کہا کہ آپ کی ٹیم ناقص ہے لیکن ہم ساتھ کھڑے ہیں، حکومت پر مشکل وقت ہے تحفظات کے باوجود ساتھ کھڑے ہیں۔مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے اس کو کنٹرول کرنا مشکل کام ہے۔عمر ایوب ہمارے بھائی ہیں، لیکن بجلی کے بلوں کا بوجھ بہت زیاد ہے۔اجلاس میں ملکی سیاسی، معاشی اور مہنگائی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے انہیں جواب دیا کہ ملک کے حالات ہماری وجہ سے حالات خراب نہیں ہیں، جو آج جلسے کررہے ہیں انہی لوگوں نے ملک کا بیڑا غرق کیا ہے، اپوزیشن بے روزگار ہے اسے اہمیت دینے کی ضرورت نہیں، میں چاہتا ہوں یہ روز جلسہ کریں۔عوام کے سامنے اپوزیشن روز بروز بے نقاب ہورہی ہے، اس کے جلسوں سے پریشان نہ ہوں، ہم سے بڑے جلسے کسی نے نہیں کیے، عوام کو درپیش تمام مسائل کا ادراک ہے، حماد اظہر اور فخر امام کو چینی گندم کے بحران پر قابو پانے کا ٹاسک سونپا ہے، مہنگائی سمیت عوامی مسائل پر جلد قابو پا لیں گے۔نورعالم خان نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ کی ٹیم ناقص ہے، لیکن آج ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومت پر مشکل وقت ہے اس لیے تحفظات کے باوجود ہم ساتھ کھڑے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button