دبئی ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کو داخلے کی اجازت نہ مل سکی، ڈی پورٹ کرنے کا عمل شروع

دُبئی (نیوز ڈیسک)گزشتہ دو روز کے دوران دُبئی ایئرپورٹ پر سینکڑوں پاکستانی پھنس گئے تھے، جس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ ان کے پاس امارات داخلے کے لیے کم از کم دو ہزار درہم رقم موجود نہیں ہے،اس کے علاوہ ہوٹل کی بکنگ بھی نہیں کروائی گئی، جو تازہ ٹریول ایڈوائزری کے مطابق لازمی ہے۔ جس کے بعد پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے ان سیکڑوں پاکستانیوں کو ڈی پورٹ ہونے سے بچانے کے لیے متعدد سفارتی کوششیں جاری تھیں، مگر ان کا نتیجہ ناکامی کی صور ت میں نکلا ہے۔دُبئی ایئرپورٹ حکام نے شرائط پر پُوری نہ اُترنے والے پاکستانیوں کو گروپ کی صورت میں واپس

بھجوانا شروع کر دیا ہے۔ائیر پورٹ پر پھنسے ان 545 پاکستانی مسافروں کو 10، 15 افرادکے گروپ کی صورت میں مختلف پروازوں کے ذریعے پاکستان ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے۔دُبئی میں واقع پاکستانی قونصل خانے کا کہنا ہے کہ ان مسافروں نے امارات کی نئی ٹریول ایڈوائزی پر عمل کیے بغیر ہی دُبئی کا سفر کیا، مگر مطلوبہ رقم نہ ہونے کے باعث انہیں ایئرپورٹ سے کلیئر کر کے امارات میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔قونصل خانے کا کہنا ہے کہ حکام کی کوششوں سے کچھ مسافروں کو اماراتی حکومت نے ملک میں داخلے کی اجازت دیدی ہے۔ تاہم زیادہ تر مسافروں کو واپس بھیجا جا رہا ہے۔ قونصل خانے کا ائیرپورٹ پر موجود عملہ مسافروں کو خوراک اور دیگرضروری سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ ایک پاکستانی نے بتایا کہ ہم یہاں پیسے جوڑ جوڑ کر دُبئی پہنچے تھے، مگر سفارتی کوششوں کے باوجود ہمیں واپس بھیجا جا رہا ہے۔ یہ صورت حال ہمارے لیے بہت پریشان کُن ہے۔ واضح رہے کہ کل کہ دُبئی ایئرپورٹ پر لاہور سے آنے والی ایک پرواز کے200مسافروں کو روک لیا گیا تھا اور انہیں ایئرپورٹ سے نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ یہ پاکستانی مسافر وزٹ ویزے پرملازمتوں کی تلاش میں دُبئی آئے تھے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button