سردار تنویر الیاس خان وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی مقرر

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب نے سردار تنویر الیاس خان کو اپنے ساتھ معاون خصوصی تعینات کردیا۔

سردار تنویر الیاس خان کا عہدہ صوبائی وزیر کے برابر ہو گا اور سرمایہ کاری بورڈ کی چیئرمین شپ بھی سردار تنویر الیاس خان کے پاس ہی رہے گی۔سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی طرف سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق سردار تنویر الیاس خان کو صوبے میں کاروبار، سرمایہ کاری اور تجارت کے امور میں معاونت و مشاورت کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ معاون خصوصی تعینات کیا گیا ہے۔

سردار تنویر الیاس خان گزشتہ ڈیڑھ سال سے پنجاب میں سرمایہ کاری اور ٹریڈ بورڈ کے چیئرمین کے طور پر ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں جبکہ گزشتہ عام الیکشن کے دور میں انہیں پنجاب کی عبوری کابینہ کا حصہ بنایا گیا تھا جس میں ان کے پاس آٹھ وزارتیں تھیں۔

سردار تنویر الیاس خان کا تعلق آزادکشمیر کے راولاکوٹ شہر سے ہے۔ملک کی معروف کاروباری شخصیات میں ان کا شمار ہوتا ہے۔سردار تنویر الیاس خان ، سردار گروپ آف کمپنیز کے صدر ہیں، اسلام آباد میں منفرد کاروباری مرکز دی سینٹورس اور رہایشی سوسائیٹی تاج ریزیڈینشیا کے مالک بھی ہیں جبکہ تعمیراتی شعبے میں ان کی کمپنی عالمی شہرت رکھتی ہے ۔سردار تنویر الیاس خان نے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز ڈگری حاصل کر رکھی ہے جبکہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی سے ایل ایل بی کرنے سمیت جرنلزم میں بھی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

سردار تنویر الیاس خان کے والد محترم سردار الیاس خان کو حکومت پاکستان ستارہ پاکستان سے نواز چکی ہے جبکہ سردار تنویر الیاس خان کے چھوٹے بھائی سردار یاسر الیاس حال ہی میں اسلام آباد چیمبر آف انڈسٹریز اینڈ ٹریڈ کے الیکشن جیتتے ہوئے صدر منتخب ہوئے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button