عمران خان کے حکم پر نیب نے اسپیشل کرسی بھی واپس لے لی ، شہباز شریف

لاہور (نیوز ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے عدالت میں شکایت کی ہے کہ انہوں نے کمر درد کے لیے گھر سے اسپیشل کرسی منگوائی تھی جو نیب نے لے لی۔احتساب عدالت میں شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب ٹیم نے شہباز شریف کو احتساب عدالت پیش کردیا۔شہباز شریف نے کہا کہ میں فاضل جج صاحب سے کچھ کہنا چاہتا ہوں مجھے اجازت دی جائے، عدالت نے گزشتہ سماعت پر مجھے کھانا دینے کے حوالےسے قابل ستائش حکم دیا، آپ کے گزشتہ نوٹس پر میرے کھانے کا معاملہ حل ہوگیا، جج صاحب سب کو علم ہے مجھے کمر کا درد ہے،

اس کے لیے جو اسپیشل کرسی میں نے گھر سے منگوائی تھی وہ عمران خان اور شہزاد اکبر کے حکم پر نیب نے لے لی۔شہباز شریف نے کہا کہ مجھے عام کرسی فراہم کی گئی ہے جس پر بیٹھ کر نماز پڑھتا ہوں اور کھانا کھاتا ہوں، اس کے باعث کمر درد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ایک شخص کو وہاں تکلیف دینا چاہتے ہیں جہاں اسے پہلے ہی تکلیف ہے، یہ کہاں کا اصول اور انصاف ہے، عدالت سے درخواست ہے کہ نیب والوں کو قانون کے مطابق حکم دیں، کمر درد کی وجہ سے مجھے تھراپی کروانے کی اجازت دی جائے۔عدالت نے کہا کہ آپ باقاعدہ درخواست لکھ کر دیں تفصیلی حکم جاری کردیں گے۔ عدالت نے شہباز شریف کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرتے ہوئے کیس کی سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کردی۔دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی طلبی کا اشتہار جاری کر دیا ہے۔ نواز شریف کا اشتہار لاہور اور لندن کے ایڈیشنز میں شائع کیا جائے گا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے 19 اکتوبر کے اخبارات میں نواز شریف کی طلبہ کا اشتہار شائع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے سیاہ سیاہی سے بیک پیج کے ایک چوتھائی حصے پر چھاپہ جائے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری اشتہار کے متن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف اسلام آباد ہائیکورٹ سے مفرور ہیں، ان کو بذریعہ اشتہار پیشی کا آخری موقع دیا جاتا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button