اپوزیشن کی تحریک سے نمٹنے کیلئےوزیر اعظم نےوفاقی وزراء اور پی ٹی آئی رہنمائوں کا اجلاس طلب کرلیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اپوزیشن کی تحریک سے متعلق مشاورت کے لیے وزیراعظم کی طرف سے وفاقی وزرا اور پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس کل طلب کرلیا گیا ۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر دفاع پرویز خٹک ، وزیر تعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی شہزاد اکبر اور ڈاکٹر بابر اعوان کے ساتھ دیگر کو بھی اس اجلاس میں شرکت کے لیے طلب کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے شروع کی گئی حکومت

مخالف تحریک کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی، جب کہ اس اجلاس میں وزیراعظم حکومتی معاملات کے بارے میں شرکا سے ملنے والی تجاویز پر بھی غور کریں گے۔ خیال رہے کہ پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہوگا۔ گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں پی ڈی ایم اجلاس کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا تھا پی ڈی ایم کا جلسہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہوگا، جب کہ 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسہ ہوگا۔ احسن اقبال نے کہا کوئٹہ میں 25 اکتوبر کو جلسہ منعقد کیا جائے گا جب کہ 30 نومبر کو ملتان اور 13 دسمبر کو لاہور میں جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔پی ڈیم ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی میں کیے جانے والے فیصلے کے تحت سابق وزیراعظم اور پی پی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف کو سینئر نائب صدر مقرر کیا گیا جب کہ سابق وزیراعظم اور پی ایم ایل (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی کو پی ڈی ایم کے سیکریٹری جنرل کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button