نانبائی ایسوسی ایشن نے سادہ روٹی کی قیمت بڑھانے کا اعلان کردیا

لاہور (نیوز ڈیسک) ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا ، تندور مالکان کی طرف سے روٹی مزید مہنگی کیے جانے کا امکان ہے ۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں آٹے کے بحران کے باعث تندور مالکان کی طرف سے سادہ روٹی کی قیمت 8 روپے سے بڑھا نے کے بعد پیر 12 اکتوبر سے روٹی کی قیمت 10 روپے کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔اس بارے میں صدر نان بائی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 8 روپے کی روٹی کی قیمت بڑھانا ان کی مجبوری ہے، کیوں کہ ناقص کوالٹی آٹے کی 15 کلو کا تھیلے کی قیمت بھی 950 روپے سے تجاوز

کر گئی ہے ، اس کے ساتھ ساتھ 860 روپے میں ملنے والا 20 کلو کا تھیلا تو کہیں دستیاب ہی نہیں ہے، جب کہ گزشتہ 10 سالوں کے دوران روٹی کی قیمت 6 روپے پر قائم رہی ، تاہم اس سال روٹی سمیت ہر شے کی قیمت میں کئی بار اضافہ ہوا ۔ادھر صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم قبال کے زیر صدارت چیف سیکرٹری آفس میں اجلاس ہوا جس میں آٹے اور چینی کے نرخوں، دستیابی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے غیر روایتی اور اختراعی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے حکام کو سخت ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے جبکہ سبزیوں کی دستیابی کے حوالے سے بھی فعال کردار ادا کریں۔دوسری جانب مہنگائی میں کمی کے لیے وزیراعظم کا پلان تیار ہوچکا ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے فیصلوں پرعمل درآمد کل سے ہوگا، پلان کے تحت حکومتی اداروں اور ریاستی وسائل کے بھرپور استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں ٹائیگر فورس بھی استعمال ہوگی۔وزیراعظم نے ایک بار پھر ٹائیگر فورس کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے، ٹائیگر فورس کو ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی کا ٹاسک سونپے جانے کا امکان ہے۔عمران خان کی معاون خصوصی یوتھ افیئرز عثمان ڈار سے مشاورت مکمل ہوگئی۔ وزیراعظم نے ٹائیگرفورس کا بڑا کنونشن بلانے کی ہدایت کر دی۔ کنونشن آئندہ ہفتے اسلام آباد میں ہوگا جس میں ٹائیگر فورس کے جوان شریک ہوں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button