چین نے سی پیک کے سب سے بڑے منصوبے ایم ایل 1کے حوالے سے پاکستان کا بڑا مطالبہ منظور کرلیا
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سی پیک کے سب سے بڑے منصوبے ایم ایل 1 کے حوالے سے چین نے پاکستان کا سب سے بڑا مطالبہ منظور کر لیا، چین نے منصوبے کیلئے مقامی افراد اور مال کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی یقین دہانی کروا دی، 6.8بلین ڈالرز کی لاگت سے پشاور تا کراچی اور ملک بھر میں ریلوے ٹریک اپ گریڈ کیا جائے گا، کراچی سے لاہورکے سفر کا دورانیہ 7 گھنٹے میں طے ہو سکے گا۔تفصیلات کے مطابق سی پیک کے تحت ملک کا سب سے بڑا اور اہم ترین منصوبہ قرار پانے والے ایم ایل 1 کے حوالے سے حکومت نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ چین نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ایل ایم 1 منصوبے کے دوران زیادہ سے زیادہ مقامی افراد اور مال استعمال کیا جائے۔ اس حوالے سے گزشتہ دنوں چینی سفر اور ڈی جی چائنہ ریلوے نے چئیرمین سی پیک عاصم سلیم باجوہ سے اہم ملاقات کی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ چینی حکومت کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مین لائن ون ( ایم ایل ون)ایک انقلابی منصوبہ ہے جس سے پاکستان ریلوے کے تمام ڈھانچے کی تشکیل نوہوگی،اس منصوبے سے روزگارکے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ایم ایل ون کسی پھاٹک کے بغیر ایک ایسی ریلوے لائن ہوگی جس سے کراچی ،لاہور اورلاہورراولپنڈی کے درمیان سفر کے دورانیے میں واضح کمی آئے گی۔لاہور ،کراچی کاسفر کم ہو کر7گھنٹے رہ جائے گا،اس سے دونوں صوبوں کے تاجروں کو بھی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اس منصوبے سے ریلوے کے حادثات میں بھی کمی آئے گی اور لوگوں کے لئے ڈیڑھ لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیداہوں گے۔وفاقی وزیرنے کہاکہ ایم ایل ون منصوبے کے لئے کم شرح پرقرض حاصل کیاجائے گا۔