ٹک ٹاک پر پابندی سے پاکستان کو کیا نقصان ہوگا،فواد چوہدری نے اہم انکشاف کردیا

سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک پر پابندی کے فیصلوں سے پاکستان کی ٹیکنالوجی بیٹھ جائے گی۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ٹک ٹک پر پابندی کے فیصلے پر وزیراعظم کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ ٹیکنالوجی پر پابندی نہ لگائی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں، پولیس اہلکاروں کیلئے خصوصی اردو سافٹ ویئر تیار کررہے ہیں جس کے ذریعے پولیس اہلکاروں کیلئے مزید آسانی ہو گی۔فواد چودھری نے کہا کہ کوشش ہے پورے سیالکوٹ ضلع کو خصوصی اقتصادی زون قرار دیا جائے، مصنوعات کی کوالٹی اور

سرٹیفکیشن پر بھی کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ صنعت وتجارت کے ساتھ مل کر وزارت سائنس وٹیکنالوجی بہت کام کررہی ہے، وزارت سائنس وٹیکنالوجی نے میڈ ان پاکستان کا بہترین پروگرام دیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکمت عملی سے کورونا پر بڑے اچھے طریقے سے قابو پایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کی تیاری دنیا میں آخری مراحل میں ہے یہ ایک نئی بیماری ہے اس پر دنیا میں ابھی اتنی ریسرچ نہیں ہوئی اس لیے احتیاط کی ضرورت ہے ابھی تک اللہ نے مہربانی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نےالیکشن لڑا اور ہار گئے، آئین کے مطابق آپ 5 سال انتظار کریں ، مریم نواز اور ان کی تحریک کی کیا اخلاقی حیثیت ہے؟ یہ اس لیے انتظار نہیں کرسکتے کیونکہ یہ جیلوں میں جا رہے ہیں۔فواد چودھری نے مزید کہا کہ ابو بچاؤ مہم، انتشار پھیلاؤ مہم میں تبدیل ہو گئی ہے، اپوزیشن کا تمام زور اپنے 8 کیسز پر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے تمام پیسہ بیٹوں کے نام کیا ہوا ہے انہیں چاہیے کہ پیسے مریم نواز کے نام بھی کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر ن لیگ استعفوں کا اعلان کرے گی تو زیادہ سے زیادہ 18 لوگ ہی استعفیٰ دیں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button