پاکستان کے اہم ترین علاقے میں گلیشئرپھٹ گیا
چترال(نیوز ڈیسک)چترال کے علاقے یار خون لشست میں گلیشئر پھٹنے متعدد علاقے زیر آب آگئے ۔ سیلاب کئی مکانات بہہ گئے تفصیلات کے مطابق اپر چترال میں یار خون لشست کے مقام پر گلیشر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ڈی سی اپر چترال شاہ سعود کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے میں بہہ کر ایک لڑکی جاں بحق ہوئی جس کی لاش نکال لی گئی ہے جب کہ کئی مکانات بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں یار خون اور برغیل پاس روڈ آمدورفت کے لئے بند ہے جب کہ متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گی ہیں۔ڈی سی اپر چترال کے مطابق گلیشئر پھٹنے سے جمعہ
کی صبح سیلاب آیا تھا تاہم شام تک پانی میں کمی آگئی تھی، اب صورتحال نارمل ہو گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیلابی ریلے سے متعدد گھر متاثر ہوئے، متاثرین کے رہنے کیلئے 60 خیمے لگائے گئے ہیں ۔ڈی سی اپر چترال کے مطابق جولائی اور اگست میں بارشوں اور گرمی سے گلیشیئر پگھلتے ہیں جس کی وجہ سے سیلابی صورت حال پیدا ہو جاتی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مون سون میں معمول سے زائد بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال ملک میں معمول سے دس فی صد زائد بارشیں ہوں گی۔ موسمیاتی صورتحال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اس برس آزاد کشمیر اور صوبہ سندھ میں 20 فی صد زائد بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کے موسم کے دوران مشرقی دریاؤں میں سیلاب آسکتا ہے، اس کے علاوہ بڑے شہروں میں بھی سیلابی کیفیت پیدا ہونے کے زیادہ امکانات ہیں۔علاوہ ازیں پنجاب کے پہاڑی علاقوں میں فلش فلڈنگ کے امکانات کی بھی نشان دہی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون کے دوران چاول کی فصل اچھی ہونے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کپاس کی فصل پر برا اثر پڑنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔