ترک صدر کا پاکستانیوں سے محبت کا خوبصورت اظہار
استنبول(نیوز ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے پاکستان کے 73 ویں یوم آزادی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ذاتی طور پر پاکستانی قوم کو ترک قوم کی جانب سے سلام محبت پیش کرتا ہوں۔ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی جانب سے انگریزی زبان کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں بھی ٹویٹ کیا گیا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں ترک صدر نے کہا کہ برادر ملک پاکستان کے 73 ویں یوم آزادی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ترک صدر نے مزید کہا کہ پاکستان اور پاکستانی قوم کے ساتھ گہری تعلقات کے پیش نظر انہیں ذاتی طور پر ترک قوم کی جانب سے سلام محبت پیش کرتا ہوں۔
طیب اردگان کے ٹویٹ پر پاکستانیوں کی جانب سے محبت کا اظہار کیا گیا جب کہ کئی صارفین نے جوابی ٹویٹس میں ان کا شکریہ ادا اور اس قدر محبت کا اظہار کرنے پر انہیں دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔قبل ازیں پاکستان کے یوم آزادی کی آمد پر سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے صدر مملکت عارف علوی کے نام خصوصی پیغام بھیجا گیا ۔دونوں رہنماوں کی جانب سے صدر مملکت کے نام 2 علیحدہ پیغامات بھیجے گئے۔ شاہ سلمان اور ان کے صاحبزادے محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کو یوم آزادی کی مبارکباد دی گئی ہے۔ دونوں رہنماوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم اور پاکستان ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرے۔ واضح رہے کہ سعودی فرمانروا اور ولی عہد کی جانب سے صدر مملکت کے نام جشن آزادی کی مبارکباد کا پیغام ایک ویسے وقت میں بھیجا گیا ہے جب گزشتہ کچھ روز سے دونوں ممالک کے تعلقات میں کچھ مسائل پیدا ہو جانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔یاد رہے پاکستان میں کل یوم آزادی بھرپور جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ یوم آزادی کے سلسلے میں رواں برس کرونا وائرس خدشات کے باعث زیادہ بڑے پیمانے پر تقریبات نہیں ہوں گی، تاہم عوام کی سطح پر یہ دن ہمیشہ کی طرح بھرپور جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ یوم آزادی کے سلسلے میں ملک بھر کی شاہراہوں، اہم عمارتوں اور گھر گھر کو ہری جھنڈیوں، جھنڈوں اور روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے۔