ہیپی برتھ ڈے خان صاحب ، وزیراعظم نے زندگی کی 68بہاریں دیکھ لیں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے زندگی کی 68 بہاریں دیکھ لیں۔ کپتان کے کھلاڑی آج ان کی سالگرہ منا رہےہیں۔کرکٹ کے میدان سے اقتدار کے ایوان تک عمران خان نے شاندار اننگز کھیلی۔ وزیراعظم عمران خان آج اپنی 68 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ وہ 5 اکتوبر 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔عمران خان کا تعلق میانوالی سے ہے۔ انہوں نے بطور کرکٹر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 1992 میں کرکٹ ورلڈ کپ جیتا۔ انیس سو چھیانوے میں عمران خان نے سیاست میں قدم رکھا اور تحریک انصاف کے نام سے اپنی سیاسی جماعت قائم کی۔بائیس سالہ سیاسی جدوجہد کے بعد

عمران خان کی جماعت تحریک انصاف نے 2018 کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور عمران خان ملک کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔ عمران خان نے اپنی والدہ کے نام پر شوکت خانم میموریل کینسراسپتال بھی قائم کیا جہاں غریب اور نادرا مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی سالگرہ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مبارکباد کے پیغام کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹویٹر پر’’ہیپی برتھ ڈے پی ایم عمران خان‘‘ٹرینڈ کر رہا ہے جہاں عام شہری ، سیاسی رہنمائوں سمیت سیاسی وسماجی کارکن ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہیپی برتھ ڈے پی ایم عمران خان آج کا ٹاپ ٹرینڈ ہے جس کے تحت وزیرِ اعظم کو مبارکباد اور تعریف و توصیف پر مشتمل ہزاروں پیغامات ارسال کیے جاچکے ہیں۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیرِ بحری امور علی حیدر زیدی نے وزیرِ اعظم عمران خان کو 68ویں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے 2002ء کی انتخابی مہم سے ایک تصویر شیئر کی جس میں علی زیدی، وزیرِ اعظم کے ہمراہ نظر آ رہے ہیں۔ اپنے پیغام میں پاکستان تحریکِ انصاف نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان ہر وہ چیز جیت لیتے ہیں جسے حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیں۔ پاکستان کو اپنا مشن بنانے کیلئے ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔پاکستان تحریکِ انصاف نے کہا کہ آپ نے پاکستان کی موجودہ اور آئندہ نسلوں کیلئے جدوجہد کی، جس کیلئے ہم آپ کے مقروض ہیں۔ آپ نے پاکستان کو نئی منازل تک پہنچانے کا عزم کیا ہے۔ پورا پاکستان آپ کے ساتھ ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button