حکومت افواج وعدلیہ کو ن لیگ سے لڑانا چاہتی ہے، احسن اقبال

نارووال(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ نون کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہاہے کہ حکومت کی حکمت عملی ہے کہ افواجِ پاکستان اور عدلیہ کو مسلم لیگ نون سے لڑایا جائے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مسلم لیگ نون احسن اقبال نے کہا کہ جب سے اے پی سی کا انعقاد ہوا ہے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔انہوںنے کہاکہ حکومتی ترجمان جیسے بیانات سے مسخرہ پن بھی نہیں کیا جا سکتا، جس ملک میں غداری کے سرٹیفکیٹ ایسے بانٹے جائیں اس کا اللّٰہ ہی حافظ ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہے، یہ جنگ فوج یا عدلیہ کے خلاف ہونے کا حکومتی بیانیہ عوام کو دھوکا دینے جیسا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران احمد نیازی جواب دیں کہ ان سے حکومت کیوں نہیں چل رہی ناکامیوں کا جواب دینے کے بجائے عمران خان کا ایک ہی موقف ہے این آر او نہیں دوں گا۔رہنمانون لیگ نے کہا کہ آج پاکستان میں مڈل کلاس ختم ہو گئی ہے، ہمارے دور میں متوسط طبقہ غربت سے نکل رہا تھا، جب سے یہ آئے ہیں غریب مزید بد حال ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تم اپنا این آر او اپنے پاس رکھو، اپنے وزیروں، مشیروں کو دو، کیا بی آر ٹی کا جواب ہے ان کے پاس نہ تم این آر او دے سکتے ہو، نہ کوئی مانگ رہا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ غریب تم سے روٹی مانگ رہا ہے، اسے روٹی دو۔ احسن اقبال نے کہاکہ ان کو نواز شریف فوبیا ہو گیا ہے، کابینہ میں عوامی مسائل کے حل کی بجائے نواز شریف ڈسکس ہوتا ہے۔انہوںنے کہاکہ کشمیر سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بنا کر آزاد نہیں کرایا جا سکتا، غریب کو ٹویٹر ٹرینڈ بنا دینے سے روٹی نہیں ملے گی، انہوں نے سی پیک کو پوری دنیا میں متنازع بنا دیا۔سیکرٹری جنرل مسلم لیگ نون نے کہا کہ اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ مسلم لیگ کی لڑائی فوج کیساتھ ہے تو وہ اپنے دماغ کا علاج کرائے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک کا سیاسی گلدستہ ہے، پاکستان کے وقار کی علامت ہے، یہ جادو منتر کی حکومت ہے، 2018ء کے جادو منتر نے عوام کا سکون چھین لیا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ ہم سب متفق ہیں کہ اس نالائق حکومت کو گھر بھیجا جائے، حکومتی وزیر، مشیر غداری کے سرٹیفکیٹ دینا بند کریں، چور وہ ہے جو عوام کو غریب کرتا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button