کیپٹن صفدر کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج،گرفتاری کی تیاریاں مکمل، خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی

گوجرانوالہ(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ر صفدر اعوان کے خلاف ریاست سے بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ، کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی جو ان کو حراست میں لینے کے لیے چھاپے مارے گی ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ گوجرانوالہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ، جب کہ اس مقدمے میں مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی عمران خالد بٹ کو بھی نامزد کیا گیا ہے ۔

ریاست کے خلاف بغاوت کے درج کیے گئے مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ کیپٹن ر صفدر نے حکومت کو بزور احتجاج ختم کرنے کی دھمکی دی اور ریاستی ادارے کے خلاف نفرت کے جذبات ابھارے ، جب کہ کیپٹن ر صفدر نے جلسے کی اجازت نہ ملنے پر بزور طاقت اجازت لینے کی دھمکی دی ۔دوسری طرف وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ نوازشریف لوگوں کو بغاوت پر اکسا رہے ہیں ، نوازشریف کی بلیک میلنگ میں کوئی نہیں آئے گا، عمران خان کرپشن کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے ، سابق وزیراعظم نوازشریف نے ملک پر جو تنقید کی ہے اس سے لگتا ہے کہ وہ اپنے اثاثے بچانے کیلئے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگا سکتے ہیں ، نوازشریف آپ نے ملک کے ادارے بنانے کی بجائے اداروں کو تباہ کیا، ملک کی معیشت اور کردار کا ستیاناس کردیا ہے ، نئی نسل کیلئے ایسا رول ماڈل دیا ہے کہ محنت اور غلط طریقے سے پیسا بنانے والوں کا فرق ختم کردیا ہے، آپ نے بجلی کے ایسے معاہدے کیے جس سے بجلی مہنگی ہے، ڈالر کو مصنوعی طور پر برقرار رکھا گیا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button