بم دھماکے کے دوران معروف امپائر بسم اللہ جان شنواری جان کی بازی ہار گئے

ننگرہار (نیوز ڈیسک) افغانستان کے صوبے ننگرہار کے ڈسٹرکٹ شنواری میں سڑک کنارے بم دھماکے میں انٹرنیشنل امپائر بسم اللہ شنواری سمیت افغان کرکٹ بورڈ کے 7 آفیشلز جاں بحق ہوگئے ہیں۔ 36 سالہ بسم اللہ شنواری نے 2017ء سے 2020ء کے دوران 6 ون ڈے انٹرنیشنل اور 6 ٹی ٹونٹی مقابلوں میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیئے تھے۔ یاد رہے کہ دنیا کے نمبر ون ٹی ٹونٹی بائولر راشد خان کا تعلق بھی اسی ڈسٹرکٹ سے ہے۔اس سے قبل وسطی افغانستان میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں خواتین و بچوں سمیت 14 افراد ہلاک ہوئے تھے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان وزارت

داخلہ کے ترجمان طارق آرائین نے کہا کہ صوبہ دایکندی میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں ایک ہی گاڑی موجود 7 خواتین، 5 بچے اور 2 مرد ہلاک ہوئے۔انہوں نے دھماکے کا الزام طالبان پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے 3 بچے زخمی بھی ہوئے۔دایکندی کے گورنر کے ترجمان نصر اللہ غوری نے بتایا کہ متاثرہ افراد مزار جارہے تھے جب ان کی مِنی بس بم سے ٹکرائی۔دھماکے کی ذمہ داری اب تک کسی گروپ نے قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا، تاہم سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے اکثر طالبان کی طرف سے کیے جاتے ہیں۔اقوام متحدہ کی جولائی میں جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 2020ء کے پہلے چھ ماہ میں افغانستان میں ہونے والے حملوں میں 800 سے زائد شہری ہلاک و زخمی ہوئے۔واضح رہے کہ طالبان اور افغان حکومت کے درمیان دوحا میں امن مذاکرات کے جاری ہونے کے باوجود افغانستان میں پرتشدد واقعات سامنے آرہے ہیں۔ان مذاکرات میں 19 سالہ جنگ کے خاتمے اور پائیدار امن کی راہ نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔سیز فائر کے مطالبے کے باوجود طالبان نے پرتشدد کارروائیاں روکنے سے انکار کر دیا تھا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button