شہباز شریف کے بعد خواجہ آصف کی باری، نیب نے لیگی رہنما پر بجلیاں گرادیں

لاہور (نیوز ڈیسک) نیب نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کو8اکتوبرکو طلب کرلیا، 2004ء سے 2018ء تک اقامہ رکھنے کے الزام میں طلب کیا گیا ہے، اقامہ دینے والی کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء خواجہ آصف کو 8اکتوبر کو دن 11بجے طلب کرلیا ہے۔خواجہ آصف کو مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔2004ء سے 2018ء تک اقامہ رکھنے کے الزام میں طلب کیا گیا ہے۔خواجہ آصف کو اقامہ دینے والی کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے سابق رہنما مرحوم مخدوم امین فہیم کے بیٹے مخدوم حبیب اللہ المعروف مخدوم جلیل الزمان کو قومی احتساب بیورو(نیب) نے گرفتار کرلیاہے،نوٹس کے باوجود نیب میں پیش نہیں ہوئے تھے۔تفصیلات کے مطابق نیب کراچی نے سروری جماعت کے روحانی پیشوا مخدوم جمیل الزماں کے بھائی کو گرفتار کرلیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق مخدوم حبیب اللہ کو بحریہ ٹائون سے گرفتار کیا گیا ہے۔ مخدوم حبیب اللہ مرحوم مخدوم امین فہیم کے صاحبزادے ہیں۔نیب ذرائع کے مطابق مخدوم جلیل الزمان کو نیب نے اگست میں طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا، نیب کے نوٹس کے باوجود مخدوم جلیل الزمان پیش نہیں ہوئے تھے، گرفتاری نیب کی جانب سے نوٹس پر پیش نہ ہونے پر عمل میں لائی گئی ہے۔مخدوم حبیب اللہ پر مشرف دور میں تعلقہ ناظم کے دوران سابقہ ٹریژری افسر حیدرآباد مشتاق شیخ سے ملی بھگت کرکے کروڑوں روپے کی کرپشن کاالزام ہے۔ سابق اکائونٹس افسر حیدرآباد مشتاق شیخ نے دوران تفتیش سابقہ تعلقہ ناظم نے کا نام لیا۔جلیل الزماں المعروف مخدوم حبیب اللہ تعلقہ ہالا کے ناظم رہ چکے ہیں۔ اسی طرح احتساب عدالت نے پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا، عدالت نے اشتہاری قرار دلوانے کے لیے نیب سے ابتدائی رپورٹ طلب کرلی۔احتساب عدالت کے جج اسد علی نے نواز شریف سمیت دیگر کے خلاف پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ نواز شریف کے ناقابل ضمانت

وارنٹ گرفتاری کی کیا رپورٹ آئی ہے جس پر نیب افسر نے بتایا کہ نواز شریف کے وارنٹ لندن میں انکی رہائش گاہ پر وصول کرا دیئے ہیں، نواز شریف جان بوجھ کر ریفرنس کا سامنا نہیں کر رہے۔ جس پر عدالت نے واضح کیا کہ قانون کے مطابق نواز شریف کے خلاف اشتہاری کی کاروائی شروع کی جاتی ہے۔عدالت نے نیب سے نواز شریف کو اشتہاری قرار دلوانے کی ابتدائی رپورٹ طلب کر تے ہوئے پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس پر مزید کارروائی 15 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button