پاکستان میں 24گھنٹوں میں کورونا وائرس کےکتنے نئے کیسز سامنےآگئے، تشویشناک خبر

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک میں کورونا کیسز پھر سے بڑھنے لگے، چند ہی روز میں زیر علاج مریضوں کی تعداد میں ہزاروں کا اضافہ ہوگیا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 747 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، کل تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 12 ہزار، ایکٹیو کیسز 8903 ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کے تازہ اعدادوشمار جاری کر دئیے،گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 747 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5 افراد کورونا کے باعث انتقال کر گئے،پاکستان میں ایکٹیو کیسز 8903 رہ گئے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 296881 ہو گئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 312263 ہو گئی ہے۔ملک میں کورونا وباء کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی وزیر اسد عمرکی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکا اجلاس ہوا جس میں کراچی میں کورونا کیسز کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں اورملک میں گزشتہ روز 747میں سے 365کیسز کراچی سے رپورٹ ہوئے، جو پریشانی کی بات ہے۔معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اجلاس کے دوران کہا کہ انسدادکورونا کیلئے اسمارٹ لاک ڈاؤن پرعمل درآمد ضروری ہے،حکومتی ایس او پیز کو نظر انداز نہ کیا جائے۔سیکریٹری صحت سندھ نے اجلاس کو بتایا کہ سول انتظامیہ صورتحال کی نگرانی کررہی ہے،تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ادھر کراچی میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد محکمہ صحت سندھ نے پولیس اور سول انتظامیہ کو خط میں کورونا ایس او پیزپر سختی سے عمل کرانے کی ہدایت کردی۔خط میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کی نشان دہی پر متاثرہ علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کی بھی ہدایت کردی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button