اماراتی قیادت کا پاکستان کے نام خصوصی پیغام

دُبئی(نیوز ڈیسک)متحدہ عرب امارات کے صدر مملکت محترم شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے صدر عارف علوی کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ دبئی کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم اور ابو ظہبی کے ولی عہد شہزادہ اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن راشد النہیان نے بھی صدرِ مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔خیال رہے کہ آج مملکت خداداد پاکستان کی عوام 74 واں یوم آزادی منا رہی ہے۔ ہر چہرہ آزادی کی فضا میں سانس لینے پر خوش و خرم اور مسرور نظر آتا ہے۔

ہر پاکستانی آج کے روز ایک نیا عزم لیے بیٹھا ہے کہ اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے حصے کا کردار بھرپور انداز سے ادا کرے گا۔امارات میں مقیم پاکستانی بھی آزادی کا جشن بھرپور طریقے سے منا رہے ہیں۔اس موقع پر اماراتی عوام اور حکومت بھی پاکستانی عوام کی جشن آزادی کی خوشیوں میں شریک ہو گئی ہے۔ پاکستانی مملکت اور عوام سے اظہار یک جہتی کی خاطر آج دُنیا کی بلند ترین عمارت بُرج خلیف پر برقی قمقموں سے پاکستانی پرچم کی تصویر ظاہر کی جائے گی۔ جس کا مقصد امارات بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو یہ احساس دلانا ہے کہ یہاں بسنے والے افراد بھی ان کی خوشی میں ہر دم ساتھ ساتھ ہیں۔جشن آزادی کی مناسبت سے آج رات 8:45 پر برج خلیفہ کی بلند و بالا عمارت پاکستانی پرچم کے رنگوں سے بھر جائے گی۔ پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے بُرج خلیفہ پر پاکستانی پرچم دکھائے جانے کے پروگرام کی تصدیق کی گئی ہے۔ جو اماراتی اور پاکستانی عوام کی دوستی اور مضبوط و خوشگوار تعلقات کا اظہار ہو گا۔ دُبئی میں مقیم ہزاروں پاکستانی وطن کی محبت سے سرشار ہو کر اس نظارے سے لطف اندوز ہونے کے لیے بُرج خلیفہ پہنچ رہے ہیں۔ خاص طور پر پاکستانی بچے رات کے پونے نو بجنے کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button