تحریک انصاف کے رہنما اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے

کراچی(نیوز ڈیسک) قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے گورنر سندھ کو اپنا استعفی دے دیا تاہم وزیر اعظم عمران خان نے ان کے استعفی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفیٰ گورنر سندھ کے حوالے کردیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ فردوس شمیم نقوی نے اخلاقی گراونڈ پر استعفی مجھے دیا ہے، تاہم ان کے استعفی کے حوالے سے ابھی وزیر اعظم نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔یاد رہے پاکستان تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی سےاستعفیٰ طلب کیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ فردوس شمیم نقوی کی بہ طور اپوزیشن لیڈر کارکردگی بہتر نہیں تھی جس پر ان سے استعفیٰ طلب کیا گیا ہے۔

ذرایع نے بتایا کہ فردوس شمیم نقوی کے متنازع بیانات سے بھی مسائل پیدا ہوئے، کچھ ایم پی ایز کو فردوس شمیم نقوی سے سخت رویے کی بھی شکایات تھیں، اور ان سے استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے طلب کیاگیا ہے۔ان کی کئی باتیں ناپسندیدہ قرار دی جاتی تھیں۔انہوں نے وفاقی وزراء سمیت وزیراعظم پر بھی کھلم کھلا تنقید کی تھی جس کے بعد قیادت کی طرف سے ان سے استفعیٰ طلب کیا گیا ۔ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے گیس بحران کے معاملے پر اپنے ہی وزیراعظم اور وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔فردوس شمیم نقوی نے کراچی میں گیس بحران پر گزشتہ روز سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کے باہر احتجاج کیا اور پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت ہی برس پڑے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پاکستان میں چاہے حکومت ن لیگ کی ہو یا تحریک انصاف کی، اس شہرمیں گیس کی ڈیلیوری کبھی درست نہیں ہو سکی۔فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ مجھے اس سے کوئی سروکار نہیں کہ کس کی حکومت ہے، لیکن مجھے یہ پتہ ہے کہ کراچی کے شہریوں کو گیس نہیں مل رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت ہو یا تحریک انصاف کی لیکن کراچی میں گیس کا مسئلہ جوں کا توں ہے۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ میں اس مسئلے پر شور مچائوں گا اور شرم بھی دلائوں گا، وزیر اعظم صاحب بھی سنیں، وزیر توانائی عمر ایوب بھی سنیں اور معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر بھی سنیں، میں شور بھی مچائوں گا اور انہیں شرم بھی دلائوں گا تاہم بعدازاں فردوس شمیم نقوی نے اپنے بیان پر معذرت کر لی تھی ۔استعفیٰ طلب کیے جانے کے بعد اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے اپنی جماعت کے ایم پی ایز سے رابطے شروع کر دیے تھے۔ذرایع کے مطابق فردوس شمیم کے استعفے کے بعد دوسرے رکن اسمبلی کو اپوزیشن لیڈر بنایا جائے گا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button