وہ پہلا عرب ملک جس نے امارات اور اسرائیل کے معاہدے کی حمایت کردی
عمان(نیوز ڈیسک) عمان نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات معاہدے کی حمایت کر دی، عمانی وزرات خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ ایک تاریخی معاہدہ ہے جس سے خطے میں امن و استحکام آئے گا، لوگوں کی خواہشات کے مطابق خطہ ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ خلیجی خبر رساں ادارے گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق خلیجی ملک عمان نے گزشتہ روز اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان طے پائے معاہدے کی حمایت کر دی ہے۔بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے عمان کے وزارت خارجہ کی جانب سے ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والا معاہدہ
تاریخی ہے، جو خطے کے پائیدار امن اور استحکام کی ضمانت ثابت ہوگا۔ کہا گیا ہے کہ اس تاریخی معاہدے کی بدولت خطے کے عوام کی خواہشات کے مطابق خطہ ترقی و خوشحالی کی نئی منازل طے کرے گا۔بتایا گیا ہے کہ عمان پہلا خلیجی ملک جس کی جانب سے اسرائیل متحدہ عرب امارات معاہدے کی حمایت کی گئی ہے۔گزشتہ روز عرب اسلامی ملک مصر نے بھی اس معاہدے کی حمایت میں بیان جاری کیا تھا۔ مصر کے صدر نے بھی معاہدے کو تاریخی قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات پہلا خلیجی اسلامی ملک ہے جس نے اسرائیل کو تسلیم کر کے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکا کی معاونت سے طے پائے معاہدے کے تحت اسرائیل اور متحدہ عرب امارارت کے درمیان وفود کی سطح پر جلد مذاکرات کا آغاز ہو گا۔ ان مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں کیلئے معاہدے کیے جائیں گے۔ امارات اور اسرائیل کے درمیان براہ راست پروازوں کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ جبکہ اس معاہدے کے تحت اب اسرائیل ویسٹ بینک اور وادی اردن کے علاقوں پر قبضے کا منصوبہ فی الحال ترک کر دے گا۔