وزیراعظم عمران خان مولانا طاہر اشرفی پر مہربان،حکومت میں اہم عہدے سے نواز دیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے حافظ طاہر اشرفی کو نمائندہ خصوصی مذہبی ہم آہنگی مقرر کردیا، حافظ طاہراشرفی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، طاہر اشرفی کا عہدہ اعزازی ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی کو نمائندہ خصوصی مذہبی ہم آہنگی مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔مولانا طاہر اشرفی کی تعیناتی فوری طور پر عمل میں آئے گی اور ان کا عہدہ اعزازی ہوگا۔ پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر اشرفی کی مذہبی ہم آہنگی سے متعلق خدمات اور حکومت کے ساتھ مل کر پاکستان کی ترجمانی کا

بہترین کردار رہا ہے۔ طاہر اشرفی نے گزشتہ روز وزیر اعظم کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خطاب پر بھی بھرپور ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تمام مسائل اور ایشوز پر کھل کربات کی۔وزیر اعظم نے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی ترجمانی کی اور سب کے دل جیت لئے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے برما، فلسطین، کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کا معاملہ اقوام عالم میں اٹھایا۔ کلام اللہ سے لیکر ناموس رسالتؐ تک سب معاملات پر وزیر اعظم نے بات کی۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ فخر ہے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر اعظم نے امہ کی ترجمانی کی۔ انہوں نے اپنی ایک پریس کانفرنس میں عالمی دنیا ہندوستان میں گیارہ پاکستانی ہندو برادری کے افراد کے قتل کے خلاف فوری اقدامات اٹھائے ، ہندوستان میں اقلیتوں کے حقوق پر مظالم کا سلسلہ شب و روز بڑھ رہا ہے ، پاکستان سے جانے والے ہندو ، سکھ اور مسلمانوں کو جاسوسی پر آمادہ نہ ہونے پر اذیتیں دی جاتی ہیں، اقوام متحدہ عالمی انسانی حقوق کے ادارے قتل کیے جانے والے پاکستانی ہندو برادری کے افراد کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں ، پاکستان کا آئین اور قانون غیرمسلموں اور مسلموں کے حقوق کا محافظ ہے ، پاکستانی ہندو برادری کے افراد کے ہندوستان میں قتل کیے جانے کے خلاف پاکستان کے تمام مذاہب و مسالک کا وفد اقوام متحدہ کے دفتراسلام آباد میں احتجاجی خط پیش کرے گا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button