کل رات اہم شخصیت سے ملنے کا کہا گیا،شیخ رشید
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہےکہ رات انہیں ایک اہم شخصیت سے ملنے کا کہا گیا جس پر انہوں نے ملاقات سے انکار کردیا۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ پولیس والے میرے بھائی ہیں، میں 16بار وزیر رہا ہوں، یہ میری سیاسی ہمدردیاں بدلنا چاہتے ہیں لیکن میں اس عمر میں ہمدردیاں نہیں بدلوں گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے دونوں موبائل فونز کے پاس ورڈ پولیس کو دیدیے ہیں، میرے پیسے، موبائل اور گھڑیاں پولیس نے نکال لیں، مری پولیس نے گھنٹوں مجھ سے تفتیش کی ہے، تمام کام آبپارہ پولیس نےکیا، مری لسبیلہ اورکراچی پولیس معصوم ہے۔سابق وزیر نے کہا کہ رات مجھے ایک اہم شخصیت سے ملنے کا کہہ رہے تھے لیکن میں نے انکار کردیا۔