2023 میں دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری ، پاکستان کا کونسا نمبر ہے؟
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )2023 کے لیے دنیا بھر کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی 2 الگ الگ فہرستیں جاری ہوئی ہیں اور دونوں میں پاکستان سب سے آخری نمبروں پر ہے۔نجی ٹی وی ٹوئنٹی فور نیو زکے مطابق آرٹن کیپیٹل کی جانب سے جاری دنیا کے
طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا نام سرفہرست رہا۔اسی طرح ہینلے اینڈ پارٹنرز کی 2023 کی فہرست میں جاپانی پاسپورٹ کو طاقتور ترین قرار دیا گیا۔ آرٹن کیپیٹل کی فہرست کے مطابق یو اے ای کا پاسپورٹ رکھنے والے شہری ویزا لیے بغیر 181 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں۔یو اے ای کے بعد سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا، جرمنی، سوئیڈن، فن لینڈ، لکسمبرگ، اسپین، فرانس، اٹلی، نیدرلینڈز اور آسٹریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں اور ان ممالک کے شہریوں کو 174 ممالک میں جانے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں۔ڈنمارک، بیلجیئم، پرتگال، ناروے، پولینڈ، آئرلینڈ، برطانیہ، امریکا اور نیوزی لینڈ کے پاسپورٹس کے حصے میں تیسرا نمبر آیا جن کے حامل افراد 173 ممالک کا سفر ویزے کے بغیر کرسکتے ہیں۔