پاکستانی روپیہ استحکام کی طرف گامزن انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید بڑی کمی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ٗ این این آئی)امریکی ڈالر لمبی اڑان بھرنے کے بعد مسلسل گراوٹ کا شکار ٗ پاکستانی روپیہ استحکام کی طرف گامزن ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آج صبح کاروبار کے آغاز میں انٹر بینک میں امریکی ڈالر 2 روپے 49 پیسے سستا ہونے کے بعد 213 روپے کا ہو گیا۔

دوسری جانب آئی ایم ایف نے 29 اگست کو اپنے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس طلب کیا ہے تاکہ پاکستان کے لیے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دی جائے جس میں رواں ماہ کے اختتام سے قبل تقریباً ایک ارب 18 کروڑ ڈالر کا اجرا بھی شامل ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ اقدام 4 دوست ممالک کی جانب سے 4 ارب ڈالر کی دو طرفہ مالی اعانت کی تکمیل کے بعد اٹھایا گیا جس سے فوری طور پر آئی ایم ایف بورڈ پروگرام کی بحالی کے سلسلے میں اگلی قسط کے اجرا کی راہ ہموار ہوگی جو کہ رواں ماہ کے اختتام سے قبل پاکستان کے اکاؤنٹ میں پہنچنے کی توقع ہے۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ گزشتہ ماہ دستخط کیے گئے اسٹاف لیول معاہدے (ایس ایل اے) اور اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں کی میمورینڈم (ایم ای ایف پی) کے تحت پروگرام کی بحالی کیلئے آئی ایم ایف کی جانب سے اظہارِ آمادگی کا خط موصول ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس خط کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، جلد ہی کسی بھی وقت اس پر دستخط کر کے ہم اسے واپس آئی ایم ایف کو بھیجیں گے اور منظوری کے لیے رواں ماہ کے آخر میں ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کا انتظار کریں گے۔ذرائع کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 29 اگست کو ہوگا جس میں پاکستان کے لیے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے ساتویں اور آٹھویں جائزے کی تکمیل کی منظوری کا معاملہ رکھا جائے گا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button