تمام الزامات تسلیم کرلیے گئے‘ الیکشن کمیشن نے فرد جرم عائد کردی، اکبر ایس بابر

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس دائر کرنے والے اکبر ایس بابر نے عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن نے فرد جرم عائد کردی ہے اور شوکاز نوٹس بھیج دیا ہے کیوں کہ فیصلے میں میرے تمام الزامات تسلیم کرلیے گئے، فنانشل ٹائمز کی سٹوری نے ثابت کیا کہ ابراج کی طرف سے فنڈنگ ہوئی، عمران خان نے عارف نقوی کی طرف سے جو بیان حلفی جمع کرایا وہ جھوٹا تھا، مطالبہ کرتا ہوں آج عمران خان استعفیٰ دیں۔انہوں نے کہا کہ یہ جنگ حق و باطل کے درمیان تھی اور اس میں جیت سچائی کی ہوئی،

8 سال پہلے دو رکعت نفل پڑھے تھے اور آج بھی دو رکعت نفل پڑھ کر نکلا ہوں، اس کیس میں یہاں تک پہنچنا بھی بہت بڑی بات ہے، میں آخری وقت تک لڑوں گا اور فتح پاکستان کی ہوگی۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنادیا، تین رکنی بینچ کی طرف سے متفقہ فیصلہ سنایا گیا، کیس میں تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کا الزام ثابت ہوگیا ، جس کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے شوکاز نوٹس جاری کردیا، اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈز لیے ہیں، اس لیے تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کا الزام ثابت ہوگیا ، غیرملکی فنڈنگ میں 34 غیرملکیوں سے فنڈز لیے گئے، اس دوران 13 نامعلوم اکاؤنٹ سامنے آئے، پی ٹی آئی نے آرٹیکل 17کی خلاف ورزی کی، پی ٹی آئی چیئرمین نے فارم ون جمع کروایا جو غلط تھا، پی ٹی آئی نے پارٹی اکاونٹس کے حوالے سے جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا ، اکاونٹس کو چھپانا آئین کی خلاف ورزی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کیجانب سے جمع کروایا گیا بیان حلفی مس ڈ کلیئریشن ہے۔بتایا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے دیگر 2 ممبران نثار احمد راجہ اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل بینچ نے پولیٹیکل پارٹیز آرڈر2022ء کی دفعہ 6 کے تحت ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس 8 سال تک چلنے کے بعد آج فیصلہ سنایا گیا، الیکشن کمیشن میں تحریکِ انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس 2014ء سے چل رہا تھا، جو پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے دائر کیا تھا، درخواست گزار نے بیرونِ ملک سے پارٹی فنڈنگ میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی تھی، اس دوران تحریک

انصاف نے 30 مرتبہ کیس میں التوا مانگا اور 6 بار کیس کے ناقابل سماعت ہونے کی درخواستیں دائر کیں جب کہ الیکشن کمیشن نے 21 بار تحریک انصاف کو دستاویزات اور مالی ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی اور سماعت مکمل ہونے پر پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ رواں سال 21 جون کو محفوظ کیا گیا تھا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button