سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کو نااہل کروانے کا فیصلہ، عمران خان نے قانونی ٹیم کو ٹاسک دے دیا

لاہور (نیوز ڈیسک) سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کو نااہل کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کو نااہل کروانے کے لئے قانونی ٹیم کو ٹاسک دے دیا ہے، اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ دوست مزاری کی نااہلی کے لیے تمام قانونی راستے اپنائے جائیں۔اس ضمن میں تحریک انصاف کے وکیل ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے کہا ہے کہ دوست مزاری کیخلاف اسپیکر پنجاب اسمبلی کو مراسلہ جاری کر رکھا ہے، کیوں کہ دوست مزاری نے اسمبلی اراکین پر تشدد کیا اور سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی ، بطور ڈپٹی اسپیکر انہوں نے

16 اپریل اور 22 جولائی کے وزیر اعلی ٰکے انتخاب کو متنازعہ بنایا، اس لیے ان کے خلاف الیکشن کمیشن اور لاہور ہائیکورٹ سے بھی رجوع کر رہے ہیں، ایم پی اے محمد رضوان کی جانب سے ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن رجوع کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے بغاوت کرنے والے دوست محمد مزاری ڈپٹی اسپیکر کے عہدے سے فارغ ہو گئے ہیں ، پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی تھی، جس کے بعد جمعہ کے روز اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب مکمل ہونے پر ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ بھی کروائی گئی۔بتایا گیا کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے اتحاد کو ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے 186 ووٹ درکار تھے، تحریک عدم اعتماد کیلئے ہونے والی ووٹنگ میں دوست محمد مزاری کیخلاف 186 ووٹ کاسٹ ہوئے جس کے بعد تحریک کو کامیاب قرار دے دیا گیا، ایوان میں موجود تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے تمام اراکین نے ووٹنگ میں حصہ لیا اور تحریک کی کامیابی کے بعد دوست محمد مزاری ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ کھو بیٹھے ۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button