معیشت کی خرابی کے ذمہ دار صرف سیاستدان ہیں،چوہدری شجاعت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت نے کہا ہے کہ آرمی چیف کو معاشی معاملات میں مداخلت کیوں کرنا پڑی؟ آرمی چیف کو معاشی معاملات میں لانا سیاستدانوں کا قصور ہے،معیشت کی خرابی کے ذمہ دار صرف سیاستدان ہیں۔ انہوں نے پارٹی رہنماء طارق بشری چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ق کے آئین میں تبدیلی کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور دیگر فورمز پر میرے خلاف مہم چلا ئی جارہی ہے، الزامات لگانے والوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے، سچ بولنا گناہ بنتا جا رہا ہے، میرا ایمان ہے سچ بولوں اور تمام معاملات سب کے سامنے لاؤں، ہمیشہ سچ کا ساتھ دیا اور دیتا رہوں گا۔

غلط بیانی سے کوئی بھی شخص عوام کا اعتماد حاصل نہیں کرسکتا۔شہبازشریف اور زرداری صاحب خود میرے گھر تشریف لائے، میرے بیٹوں کو بدنام کیا جارہا ہے، میرے بیٹوں نے ہمیشہ مجھ سے پوچھ کر کام کیے،اپنی رہائشگاہ میں ایک طرف میرا کمرہ ہے اور دوسری طرف چودھری پرویزالٰہی کا کمرہ ہے، پارٹی کہاں ٹوٹی؟ ہوش کے ناخن لیں اپنے خاندان اور گھر کو تقسیم مت کریں، انہوں نے پارٹی اور خاندان کو تقسیم کرنے کی سازش کی، ڈائیلاگ کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، ڈائیلاگ میں چند سیڑھیاں اترنی اور چڑھنی پڑیں گی، پرویز الٰہی کو دعوت دیتا ہوں اپنی رہائشگاہ پر واپس آجائیں۔انہوں نے کہا کہ میں اور طارق بشیر چیمہ اس کے وقت کے وزیراعظم عمران خان کے پاس گئے کہ کیا بات ہے؟ کس جرم کے تحت میرے بیٹوں پر مقدمات بنائے جارہے ہیں، مونس کے خلاف باتیں اور بددیانتی کے الزامات لگائے، میں نے کہا ثبوت دیں، تو7 روز میں ثبوت دینے کا وعدہ کیا، عمران خان نے کہا کہ سالک کو وزیر بنا دیتا ہوں مونس کو وزیر نہیں بناؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ میں کیسز کئی سالوں سے چل رہے ہیں، 20 سال پرانا کیس ہمارے خلاف چلتا رہا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے اداروں کے خلاف گفتگو کی جارہی ہے، سیاست میں تلخیاں ہورہی ہیں، سخت زبان استعمال ہورہی ہے، ملک کو ایک سال میں جو نقصان ہورہا ہے اس سے مستقبل میں مشکلات ہوں گی، ڈالر کے بڑھتے ریٹس کو روکنا ہوگا، ملک کی موجودہ معاشی صورتحال میں آرمی چیف کو لانا ہماری نااہلی ہے، آرمی چیف کو کیوں مداخلت کرنا پڑی؟ آرمی چیف کو جو مداخلت کرنا پڑی یہ سیاستدانوں کا قصور ہے، چاہے وہ حکومت میں ہوں یا حکومت سے باہر ہوں، کیوں آرمی چیف کو آئی ایم ایف سے سفارش کرنا پڑی؟

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button