عمران خان وزیر علیٰ پنجاب کی کرسی پر کیوں بیٹھے؟معافی مانگنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

لاہور (نیوز ڈیسک )چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا وزیراعلیٰ پنجاب کی کرسی پر بیٹھنا مسلم لیگ ن کو ایک آنکھ نہ بھایا۔ مسلم لیگ ن نے وزیراعلیٰ پنجاب کی کرسی پر بیٹھنے سے متعلق معافی مانگنے کے مطالبے کی قرارداد جمع کرا دی۔ ن لیگ نے عمران خان سے معافی مانگنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی،قرارداد مسلم لیگ(ن) کی رکن سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی۔قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان عمران خان کی وزیراعلیٰ پنجاب کی کرسی پر براجمان ہونے کی مذمت کرتا ہے،ایک مسترد شدہ شخص نے وزیراعلیٰ پنجاب کی کرسی کی توہین کی ہے۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ عمران خان پنجاب کے عوام سے فوری معافی مانگیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے ایوان وزیراعلٰی میں وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور ارکان اسمبلی سے ملاقات کی تھی۔انہوں نے پی ٹی آئی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد کو 2 ہفتوں میں تنظیم سازی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دیتے یوئے کہا کہ اراکین اسمبلی اور پارٹی تنظیمیں انتخابات کی تیاری کریں تنظیمیں مکمل کی جائیں تاکہ انتخاب میں بھرپور انداز میں جائیں کیوں کہ 6 سے 8 ہفتوں میں آئندہ عام انتخابات ہوسکتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ 25 مئی کو جنہوں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا قانون ان کے حوالے سے راستہ اختیار کرے گا، مجھے پتہ ہے جن لوگوں نے ہمارے ساتھ دو نمبری کی، سب کے سامنے کسی کا نام نہیں لینا چاہتا۔ادھر ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے ارکان اسمبلی نے بھی عمران خان سے ملاقات کی، اس دوران ارکان اسمبلی نے ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ مستحکم حکومت آنے تک معاشی بحران ختم نہیں ہوگا کیوں کہ مالیاتی اداروں کا حکومت پر اعتماد ختم ہوچکا ہے، جس کی وجہ سے حالات مزید مشکل ہو سکتے ہیں اور ہر چیز مزید مہنگی ہونے والی ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button