پیپلز پارٹی کے سینئررہنما نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی

لودھراں(نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب سے پیپلز پارٹی کی بڑی سیاسی وکٹ اڑانے میں کامیاب ہو گئی۔ پنجاب اسمبلی کی نشستوں کے ضمنی الیکشن سے قبل لودھراں سے تعلق رکھنے والی نمایاں سیاسی شخصت نے پیپلز پارٹی کو خیرباد کہہ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابق وفاقی وزیر مرزا ناصر بیگ پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر اب عمران خان کی جماعت کا حصہ بن گئے ہیں۔ تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے

مرزا ناصر بیگ کا کہنا ہے کہ عمران خان واحد سیاستدان ہے جو ملک بچانے نکلا ہے، میں نظریاتی کارکن رہا ہوں اور پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔مرزا ناصر بیگ نے اگلے ماہ عمران خان کے دورہ لودھراں سے قبل تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 14 جولائی کو عمران خان لودھراں میں تاریخی جلسے سے خطاب کریں گے۔ سینئر پی پی رہنما کی تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ مرزا ناصر بیگ پی ٹی آئی امیدواروں کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کریں گے، ملک میں کوئی نظریہ کی سیاست کر رہا ہے تو وہ صرف عمران خان ہے۔آج ایک طرف عمران خان اور دوسری طرف انجمن غلامان امریکا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ تحریک انصاف نے آئندہ ماہ شیڈول پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر فتح حاصل کرنے کیلئے کمر کس لی ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان ضمنی الیکشن کی مہم کیلئے خود میدان میں اتر چکے، وہ تحریک انصاف کے منحرف اراکین اسمبلی کی خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ان تمام حلقوں میں خود دورہ کریں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button