شہباز شریف کی ڈیل، مریم نواز کے ہاتھ کچھ نہ آیا، نیب آفس کے باہر ہنگامہ آرائی کی اصل کہانی سامنے آگئی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا راستہ روکنے کے لئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز متحرک ہو گئیں،نیب آفس کے باہر گزشتہ روز ہونے والا احتجاج اسی سلسلے کی کڑی ہے۔معروف تجزیہ نگار عارف حمید بھٹی نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقتدر حلقوں سے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی ڈیل تو ہوگئی ہے لیکن سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا جس کی وجہ مریم نواز کے سابق بیانات اور سوشل میڈیا پر حساس اداروں کے حوالے سے چلائی جانے والی مہم بتائی جاتی ہے۔
عارف حمید بھٹی نے کہا کہ شہباز شریف اپنے بڑے بھائی اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بیانیے کو پرموٹ کرنے کے حامی نہیں اور ان کا خیال ہے کہ طاقتور قوتوں کے بغیر اقتدار حاصل نہیں کیا جا سکتا۔جبکہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور مریم نواز اینڈ کمپنی مزاحمت کے بیانیے کو پرموٹ کرنے کے حامی ہیں۔شہباز شریف کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات مریم نواز گروپ کو کسی بھی طور پر قابل قبول نہیں ہیں۔یہ ہی وجہ ہے اس گروپ نے دوبارہ فعال ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور مریم نواز کی واپسی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔تجزیہ نگار کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں شہباز شریف کو مزید ریلیف دیے جانے کا امکان ہے جبکہ مریم نواز کے لئے مشکلات بڑھیں گی۔ اس سے قبل نیب کے آفس کے ہنگامہ آرائی پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے جس ریاستی حکومتی خوف، جبر اور دہشتگردی کا سامنا کیا ہے، وہ جعلی سلیکٹڈ حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ آنسوگیس، پتھراؤ سے ہمارے کارکن زخمی ہوئے، ان کو چوٹیں آئیں، میں مذمت کرتی ہوں، میں زخمی اور میرے ساتھ کھڑے ہونے والے کارکنان کو سلام پیش کرتی ہوں۔