طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، الرٹ جاری کر دیا گیا

لاہور(نیوز ڈیسک)طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، الرٹ جاری کر دیا گیا، 20 تا بدھ 22 جون ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وسیع پیمانے پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا، سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان این ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں پیر تا بدھ طوفانی بارشوں کے سلسلے کا آغاز ہوگا، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق پیر 20 تا بدھ 22 جون ملک کے بالائی اور

وسطی علاقوں میں وسیع پیمانے پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا، تیز بارشوں کے اس سلسلے کے باعث خیبر پختونحوا ،گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے علاوہ ملک کے بیشتر علاقوں میں ندی نالوں، دریاؤں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے نے اس صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ وفاقی، صوبائی وزارتوں، انکے ماتحت متعلقہ اداروں بشمول پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، صوبائی، گلگت بلتستان، اسٹیٹ اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سمیت تمام متعلقہ محکموں کو کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے اور بر وقت و پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں تاکہ کسی بھی قسم کے متوقع جانی و مالی نقصان سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔پی ڈی ایم اے اور ڈی ڈی ایم اے کو تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہنے، ایمرجنسی مشینری و عملہ بشمول نشیبی علاقوں کے لئے ڈی واٹرنگ پمپس کی پیشگی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ لوکل ریسکیو سروسز ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیلابی خطرے سے دوچار علاقوں کے مکینوں خصوصاً سیاحتی مقامات کی جانب گامزن عوام الناس کو غیر ضروری نقل و حرکت سے محتاط رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلائیں۔مزید برآں نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد محتاط رہتے ہوئے کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے متعلقہ ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر مطلع کر یں، قانون نافذ کرنے والے ادارے بشمول موٹروے/ٹریفک پولیس شمالی علاقہ جات کی جانب سفر کرنے والے مسافر و سیاحوں کو متوقع بارشوں اور راستوں کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رکھیں.

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button