افسران کے اے سی بند !وفاقی اور صوبائی محکموں میں بجلی بچت مہم شروع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت کی جانب سے وفاقی اور صوبائی محکموں میں بجلی بچت مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، اقدام کا مقصد بجلی کی 30 فیصد ماہانہ بچت یقینی بنانا ہے۔ جنگ اخبار نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ اس مہم کے لیے تمام محکموں کے سیکرٹریز اپنے محکموں سے متعلق بجلی بچت کا پلان دیں گے تاہم اس وقت گریڈ 17 سے 20 تک کے افسران کے دوران ڈیوٹی 3 گھنٹے اے سی بند رکھنے کی تجویز سامنے ہے جب کہ گریڈ ایک سے 16 تک کے دفاتر میں اے سی کے استعمال پر مکمل پابندی پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ادھر صوبہ پنجاب کے دارالحکومت

لاہور میں آج سے کاروباری اوقات محدود کرنے کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ، سرکاری عملے ، لیبر انسپکٹرز اور دیگر ادروں کے تعاون سے کاروباری مراکز کو مقررہ وقت پر بند کرایا جائے گا ، ڈپٹی کمشنر نے تاجروں سے مقررہ وقت پر دکانیں بند کرنےکے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کردی۔ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ کی زیرصدارت توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے کاروباری اوقات میں ردو بدل کے فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس ہوا ، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے ، اس دوران ڈی سی لاہور نے کہا کہ شہر میں تمام کاروباری مراکز کو آج رات 9 بجے بند کرانے کے فیصلے پر عملدرآمد کرایا جائے گا ، تھوک وپرچون کی دکانیں، بیکریوں، جنرل اسٹورز، وئیر ہاؤس، شاپنگ مالز، نجی دفاتر اورگوداموں کو رات 9 بجے بند کرایا جائے گا ، شادی ہالز رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے جب کہ کلبز، تھیٹرز، سنیما ، کیفیز، تفریحی مقامات سمیت ہوٹلز اور تندوروں کورات ساڑھے 11 بجے بند کروا دیا جائے گا تاہم میڈیکل اسٹورز ، فارمیسیز، لیبارٹریز، پنکچر شاپس، موٹروے سروس ایریاز، ہائی ویز پر موجود دکانیں، پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز کو محدود اوقات سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں