ڈی سیٹ ہوئے پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی کو ن لیگ کا ٹکٹ مل گیا

لاہور (نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے ڈی سیٹ ہونے والے رکن اسمبلی نذیر چوہان نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے ۔ میدیا رپورٹس کے مطابق نذیر چوہان نے پی پی 167 کی لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ٹکٹ دینے پر مسلم لیگ (ن) کا شکر گزار ہوں ، ہم نے ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے عمران خان کو چھوڑا ، عمران خان نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کر کھڑا کر دیا تھا ، ہم ملک کے لیے سیاست کرتے ہیں، عمران خان نے ملک توڑنے کی سیاست کی ،

میرے حلقے میں اب پی ٹی آئی کا نام لینے والا کوئی نہیں ہے۔چند روز قبل دنیا نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ پنجاب کے 20 صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی کے تمام ڈی سیٹ ہونے والے اراکین کو ضمنی انتخابات میں ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے ، اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے صوبائی وزراء عطاء اللہ تارڑ اور سردار اویس لغاری سمیت دیگر کو ضمنی انتخابات کی حکمت عملی بنانے کی ہدایت کر دی،جس کے بعد صوبائی وزراء نے ترین گروپ سے رابطے شروع کر دئیے ہیں اور ضمنی انتخابات میں ن لیگ نے ترین گروپ کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔بتایا گیا ہے کہ صوبائی وزراء نے ڈی سیٹ ہونے والے ترین گروپ کے اراکین کو حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں ساتھ دینے والوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، ضمنی انتخابات والے حلقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی مقامی قیادت بھرپور تعاون کرے گی ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی ترین گروپ کے کسی امیدوار کے مقابل اپنا امیدوار نہیں کھڑا کریں گے۔ رپورٹ سے معلوم ہوا کہ ترین گروپ نے ن لیگ کی ٹکٹ پر ضمنی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے پر مشاورت شروع کر دی ہے تاہم ترین گروپ کی جانب سے اپنا علیحدہ تشخص برقرار رکھتے ہوئے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے لیکن اس حوالے سے حتمی فیصلہ گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین کریں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button