اپنی فورسز کو ٹریننگ کیلئے انڈیا بھیجنے پر تیار ہیں، طالبان

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک)طالبان کے وزیر دفاع ملا یعقوب نے کہا کہ انھیں انڈیا کے ساتھ دفاعی تعلقات بحال کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ پہلے دونوں حکومتوں کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہونے چاہییں۔تفصیلات کے مطابق انھوں نے انڈین ٹی وی سی این این نیوز-18 سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر دونوں حکومتوں کے درمیان تعلقات معمول پر آتے ہیں تو طالبان افغان سکیورٹی فورسز کو تربیت کے لیے انڈیا بھیجنے کے لیے تیار ہے۔‘ ملا یعقوب نے حکومت ہند سے کابل میں اپنا بند سفارت

خانہ دوبارہ کھولنے اور طالبان سفیر کو نئی دہلی میں افغان سفارت خانہ سنبھالنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اگر انڈیا اپنے سفارتی عملے کو افغانستان واپس بھیجتا ہے تو طالبان کسی بھی قسم کی حفاظتی ضمانت دینے کے لیے تیار ہیں۔ اس سے قبل یہ بات دوحہ میں طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے بھی کہی تھی۔ملا یعقوب نے سی این این نیوز 18 کے ساتھ انٹرویو کے دوران اس بات کا اعادہ کیا کہ طالبان حکومت ہند سمیت دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہاں ہے۔انڈین ٹی وی کو دیے گئے اس انٹرویو میں ملا یعقوب نے افغانستان، پاکستان اور انڈیا کے سہ فریقی تعلقات اور خطے میں سکیورٹی کے متعلق بھی مختصر بات کی۔انھوں نے زور دے کر کہا کہ طالبان حکومت کی جانب سے پاکستان یا انڈیا کو افغانستان کی سرزمین کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک اپنے اختلافات مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کریں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button