پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے بعد گیس کی قیمت میں بھی اضافہ،قیمت میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے بعد گیس بھی مہنگی کردی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوگرا نے سوئی ناردرن کیلئے گیس 45 فیصد اورسوئی سدرن کیلئے گیس 44فیصد مہنگی کی ہے۔سوئی سدرن کیلئے گیس 308 روپے 53 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کرنے کے بعد قیمت 1007روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے جبکہ سوئی نادرن کیلئے گیس 266 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کرنے کی منظوری دییتے ہوئے گیس کی قیمت 854 روپے 52 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے۔اوگرا کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈیزل کی قیمت بھی 200 روپے سے اوپر چلی گئی، فی لیٹر ڈیزل کی قیمت 204 روپے 15پیسے ہو گئی، ایک ہفتے کے دوران فی لیٹر قیمت میں 60 روپے کا اضافہ کیا گیا۔وفاقی حکومت نے عوام پر پٹرولیم مصنوعات مزید 30 روپے مہنگا کرکے مہنگائی کا بم گرا دیا ہے۔ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت نے ڈبل سینچری مکمل کر لی۔ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 30 روپے اضافہ کردیا ہے، اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 209 روپے 86 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 204 روپے 15پیسے ہو گئی، جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت بڑھا کر 178 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت بھی 181 روپے 94 پیسے مقرر کر دی گئی۔اس حوالے سے وزیرخزانہ کا کہنا ہے کہ ڈیزل پر آج بھی 54 روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں، اوگرا کی آئندہ سمری جب آئے گی تو اس وقت تک نقصان اور بھی بڑھ جائے گا، عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے سے ہمیں نقصان ہو رہا ہے۔ 31 مئی کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

گزشتہ روز نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے91 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی تھی، بجلی کا بنیادی ٹیرف اس وقت 16روپے 91 پیسے فی یونٹ چارج کیا جارہا ہے، جبکہ اس ٹیرف میں مزید اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے، نیپرا نے اپنا یہ فیصلہ وزارت توانائی کو بھجوا دیا ہے، وزرات توانائی پر لازم ہوگا کہ نئی قیمتوں پر صارفین کو سبسڈی دینے سے متعلق ایک مہینے میں فیصلہ کرے۔اگر وہ فیصلہ نہیں کرتی تو نیا بنیادی ٹیرف تمام صارفین پر لاگو ہوجائے گا، اس وقت بجلی کا بنیادی ٹیرف 16روپے 91 پیسے ہے جو کہ اضافے کے بعد بڑھ کر24 روپے 82 پیسے فی یونٹ ہوجائے گا۔ بجلی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا، پاورڈویژن اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button