ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں، دوطرفہ تعاون کو بلندیوں پر لے جائیں گے، وزیراعظم شہبازشریف کی نیوزکانفرنس

انقراہ(نیوز ڈیسک) پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت، ہاؤسنگ اور ماحولیات کے اہم معاہدے طے پاگئے، وزیراعظم اور ترک صدر کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا عزم کیا گیا، مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں، دوطرفہ تعاون کو بلندیوں پر لے جائیں گے، ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ عوام کی خوشحالی کیلئے اقتصادی تعاون ترجیح ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم پاکستان محمد شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو کی۔ وزیراعظم شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے مفاہمتی یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔تقریب میں پاکستان اور ترکی کے درمیان مفاہمتی یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ کیا گیا۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔ ترک صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ترک صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان انتہائی قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں، مختلف فورمز پر پاکستان اور ترکی یکساں مؤقف رکھتے ہیں، دونوں ملک دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں، بحری جہازوں کی تیاری میں ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں، مواصلات، تعلیم، ماحولیات، انفراسٹرکچر کے شعبوں میں بھی دو طرفہ قریبی تعاون ہے، عوام کی خوشحالی کیلئے اقتصادی تعاون ترجیح ہے، عالمی فورمز پر پاکستان کی بھرپور حمایت شکرگزار ہیںِ۔اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ شانداراستقبال پر ترک صدر کے مشکور ہیں، پاکستان ترکی کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور ترکی کے درمیان ثقافتی، مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے ای کامرس اور دیگر شعبوں میں بھرپور ترقی کی ہے، ترکی کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بلندیوں پر لے جائیں گے، دفاعی شعبوں میں دونوں ملکوں کا تعاون قابل ستائش ہے،

ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں، پاک ترک اعلیٰ قیادت میں آئندہ ملاقات ستمبر میں پاکستان میں ہوگی۔شہبازشریف نے کہا پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے پاکستان نے متعدد اقدامات کیے۔ ترکی اور پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ مہاجرین کو پناہ دیے ہوئے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button