دو دن رہ گئے، الیکشن کا اعلان کردیں ورنہ پوری فلم چلنا باقی ہے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ دو دن رہ گئے، الیکشن کا اعلان کردیں ورنہ پوری فلم چلنا باقی ہے، پہلا آزادی مارچ صرف ایک ٹریلر تھا، یہ آزادی مارچ تمام ریکارڈ توڑ دے گا، سپریم کورٹ سے تحفظ لے کراحتجاج کیلئے اپنا آئینی و قانونی حق استعمال کریں گے۔انہوں نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے شہریوں اور ورکرز کیلئے حکم دیا ہے کہ پولیس چادرچار دیواری کا تقدس پامال نہ کرے، لیکن پولیس کیوں چھاپے مار رہی ہے؟ کیا جرم کیا ہے؟ جرم کرنے والے کرائم منسٹر بنے ہوئے ہیں،

بڑے عہدوں پر بیٹھے ہوئے ہیں، جن شہریوں نے کوئی جرم نہیں کیا ان کا جرم یہ ہے کہ انہوں نے نعرہ تکبیر کی صدا بلند کی ہے، کیا ان کا جرم یہ ہے کہ انہوں نے پاکستان کی خودداری کی بات کی ہے، کیا ان کا جرم ہے کہ انہوں نے غلامی کو مسترد کیا ہے اور عمران خان کے ساتھ آواز اٹھائی ہے؟ اور وہ پاکستان میں فی الفور الیکشن کا مطالبہ کررہے ہیں؟ کیا پاکستانیوں کا حق نہیں کہ پرامن احتجاج کریں؟ یہاں قوم مطالبہ کررہی ہے کہ پاکستان میں فی الفور الیکشن کرائیں، آپ الیکشن کے راستے سے آئیں ہم آپ کی حکومت کو قبول کریں گے، لیکن جس راستے سے یہ آئے ہیں ہمیں یہ حکومت قبول نہیں ہے، ریفرنڈم کروا کے دیکھ لیں عوام فوری الیکشن چاہتی ہے، پاکستان کی قوم نے ثابت کردیا ہے کہ ہر حربے کے باوجود لوگ ڈٹ کر کھڑے رہے اور کھڑے ہیں، یہ تو صرف ٹریلر تھا، دو دن باقی رہ گئے ہیں، اگر الیکشن کا اعلان نہ کیا گیا تو پوری فلم چلنا باقی ہے، عمران خان احتجاج کی تاریخ دیں گے، تمام نگاہیں سپریم کورٹ پر ہیں، پرامن احتجاج پاکستان کے شہریوں کا حق ہے، کانپیں ٹانگیں لانگ مارچ اسلام آباد آیا ہم نے کچھ نہیں کہا، ہم سپریم کورٹ سے تحفظ لے کر اپنا آئینی و قانونی حق استعمال کریں گے۔یہ آزادی مارچ تمام ریکارڈ توڑ دے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت ہم پر سازش کے تحت مسلط کی گئی ہے، لیکن پاکستان کی قوم نے خودداری اور خودی اختیار کی ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button