عمران خان وہ معاہدہ دکھائیں جس کے ذریعے وہ روس سے سستا تیل لینا چاہتے تھے،وزیرتوانائی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیرمملکت برائے توانائی سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران خان نے سیاسی فوائد کیلئے ملک کی خارجہ پالیسی کے ساتھ کھلواڑ کیا ، پاکستان کی تجارت کی خواہش کے باوجود روس سے کوئی جواب نہیں آیا ، ہم نے روس سے رابطہ کیا مگر انہیں بھی ایسے معاہدہ کا علم نہیں ، عمران خان وہ معاہدہ دکھائیں جس کے ذریعے وہ روس سے سستا تیل لینا چاہتے تھے ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی غلط بیانیوں سے ملک میں بد گمانی کی فضا پیدا کی ،

عمران خان نے ملک کو دیوالیہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے ، سابق حکومت 720ارب روپے کی سبسڈی دے کر چلی گئی ، روس سے معاہدہ کیا تھا تو 30 فیصد سستا تیل پی ایس او کے ٹینڈر میں کیوں نہیں آیا؟۔وزیرمملکت برائے توانائی نے کہا کہ تنخواہوں کی مد میں 320 ارب اور پٹرو ل پر دی گئی سبسڈی 720 ارب روپے ہے ، پٹرول پر جون تک 120 ارب کی سبسڈی دی گئی ، یہ 120ارب روپے قومی خزانے میں کہیں موجود نہیں تھے ، وزیراعظم کو جب یقین ہوا کہ غریب پر بوجھ نہیں پڑے گا تو قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ حالیہ مذاکرات کا مقصد تمام شرائط کو حتمی شکل دینا تھا ، بھارت میں ڈیزل کی قیمت 234 روپے 3 پیسے پاکستانی روپے ہے ، پاکستان میں ڈیزل کی قیمت 174 روپے 15 پیسے ہے جب کہ ایل این جی ٹرمینلز کیلئے نجی کمپنیوں کو آگے لانا چاہتے ہیں ، ایل این جی کی خواہشمند کمپنیوں کو بڈنگ کے ذریعے آنا ہو گا ۔ ادھر وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو ایسی حالت میں گولیاں کھا کر سوجانا چاہیے، آپ کو پریس کانفرنس کا مشورہ دینے والے نے بڑی زیادتی کی ، 6 دن کا الٹی میٹم نہ دیں آپ اب 6 صدیوں تک اسلام آباد نہیں آسکیں گے ، اداروں اور عدلیہ کو دھمکیاں نہ دیں کیوں کہ نیوٹرلز نے نیوٹرل رہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button