عمران خان نے لانگ مارچ میں جان کی بازی ہارنے والے کارکنان کے اہل خانہ کی کفالت کا اعلان کردیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) عمران خان نے لانگ مارچ میں جاں بحق ہونے والے کارکنان کے اہل خانہ کی کفالت کا اعلان کر دیا۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں جاں بحق ہونے والے دو کارکنان کے اہل خانہ کی مکمل مالی ذمہ داری تحریک انصاف اٹھائے گی۔انسٹاگرام پر جاری کیے گئے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہمارے پُرامن آزادی مارچ کے دوران پنجاب پولیس کے وحشیانہ تشدد سے جاِمِ شہادت نوش کرنے والے اپنی جماعت کے 2 کارکنان فیصل عباس چوہدری اور سید احمد جان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ اپنےدونوں شہداءکے اہل خانہ کی مکمل مالی ذمہ داری تحریک انصاف اٹھائے گی۔دو روز قبل اسلام آباد کی جانب روانہ ہونے والے تحریک انصاف کے مارچ میں شامل ایک کارکن راوی کے پل سے گر گر جاں بحق ہو گیا تھا۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنماوں شفقت محمود اور مسرت جمشید چیمہ نے الزام عائد کیا تھا کہ جاں بحق ہونے والے کارکن کو پولیس والوں نے دھکا دے کر گرایا، امپورٹڈ حکومت ہمارے معصوم کارکنوں کے خون کی پیاسی بنی ہوئی ہے۔شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ قاتل ہیں، رانا ثنا اللہ پی ٹی آئی کے کونسلر فیصل عباس کے قاتل ہیں ان ہی کے ایما پر پولیس نے نہتے کارکنان پر تشدد کیا۔ دوسری جانب جیو نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف پنجاب نے کارکنوں کو آج رات آٹھ بجے لبرٹی چوک لاہور میں احتجاج کرنے کی کال دی تھی، احتجاج کے دوران تحریک انصاف کی قیادت آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔مزید برآں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹویٹر پر لانگ مارچ سے متعلق پیغام جاری کیا اور لانگ مارچ میں شامل قافلے کی فوٹیج بھی جاری کی۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھاکہ ہم پنجاب میں داخل ہوچکے ہیں اور انشاءاللہ اسلام آباد کی جانب بڑھیں گے۔ اس امپورٹڈ سرکار کی جانب سے جبر و فسطائیت کا کوئی بھی حربہ ہمیں ڈرا سکتاہے نہ ہی ہمارے مارچ کا رستہ روک سکتا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button