آصف علی زرداری کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اس موقع پر حکومتی اتحاد میں شامل رہنماں نے اتفاق کیا کہ عمران خان کےعزائم کو کسی قیمت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا جب کہ اتحادی حکومت ملکر ملک کومسائل سے نکالے گی۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ملاقات میں جے یو ائی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کا لانگ مارچ ملک میں فساد پھیلانے کی ناکام کوشش ہے ، عمران خان کا ہرفورم پر مقابلہ کیا جائے گا ۔ جب کہ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے شریک چیئرمین پی پی پی آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان معاشی بحران کا شکار ہے، عمران خان اس بحران کومزید طوالت دینا چاہتا ہے۔

دوسری طرف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کا چالیسواں ہوگیا ‘ اتحادی کہیں بھی تو حکومت مدت پوری نہیں کرسکتی ، جی کا جانا ٹھہر گیا ہے ، مرکز اور پنجاب میں صرف ایک ایک ووٹ کی اکثریت ہے ، بلوچستان میں عدم اعتماد ہونے جا رہی ہے ۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ 25 ڈپٹی کمشنروں اور اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنروں کو صوبہ پنجاب میں 24 گھنٹوں میں تبدیل کر دیا گیا لیکن یہ عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتے ، میرے سیاسی اندازوں کے مطابق 31 مئی سے پہلے اہم فیصلے آ سکتے ہیں تاہم دو چار دن اوپر نیچے بھی ہوسکتے ہیں ۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عظیم سوموٹو لے کر نیب، ایف آئی اے اور اے این ایف کے کیسز کو ختم کرنے کی سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے کیوں کہ یہ لوگ آئے ہی اپنے مقدمات کو ختم کرانے کیلئے تھے ، ان کو جلد ہی دوبارہ جیلوں کے منہ دیکھنا ہوں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فوج عظیم جانثار فوج ہے، وہ کبھی اپنے لوگوں پر گولی نہیں چلائے گی تاہم پاک فوج ملکی معیشت کو مزید تباہ ہوتے بھی نہیں دیکھے گی اور ایک ایسا حل نکالے گی جو ملک کو معاشی ، سیاسی اور انتظامی بحران سے نکال سکے ۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ وہ پاک فوج کو سیاست میں گھسیٹے ، نیشنل سیکیورٹی کونسل میں پیٹرول، گیس اور بجلی کا مسئلہ ان سے حل کروائیں اور آرٹیکل 245 کا استعمال بھی کرائیں لیکن ایسا کچھ نہیں ہوگا ، موجودہ حکومت کو شرمندگی اٹھانا پڑے گی ، یہ لوگ اپنے جال میں خود ہی پھنس چکے ہیں ، جو گڑھا انہوں نے عمران خان کیلئے کھودا تھا اس میں خود ہی گر چکے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button