سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانہ اور قونصلیٹ کتنے دنوں کیلئے بند کردیا گیا ، پاکستانیوں کیلئے اہم اعلان

ریاض(نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں25 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں۔ویزہ، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ سے متعلق معاملات کے لیے روزانہ ہزاروں پاکستانی سفارت خانے اور قونصلیٹ کا رُخ کرتے ہیں۔ تاہم اب پاکستانیوں کو اپنے ضروری کاموں کے سلسلے میں چار روز تک انتظار کرنا پڑے گا کیونکہ سعودی عر ب کے نیشنل ڈے (یوم الوطنی) کے موقع پر کل اور پرسوں (23 اور 24 ستمبر) کو ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانہ اور جدہ میں واقع قونصل خانہ بند رہیں گے ۔اس کے بعد جمعہ اور ہفتہ کو بھی تعطیل ہو گی۔ اس لیے ان چار تعطیلات کے دوران قونصلر خدمات معطل رہیں گی۔

سفارت خانے اور قونصلیٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اب 27 ستمبر بروز اتوار سفارتخانہ اورقونصلیٹ جنرل آف پاکستان دوبارہ کُھلیں گے۔اس لیے پاکستانی تارکین وطن اگلے چار روز تک سفارت خانے اور قونصل خانے کی جانب سفر کا ارادہ نہ بنائیں۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کی وبا کے بعد ہزاروں پاکستانیوں کو بغیر تنخواہ کے رخصت دے دی گئی ہے یا انہیں نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ یہ پاکستانی فوری طور پر وطن واپسی کے منتظر ہیں، جن کی خاطر پی آئی اے کی جانب سے خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔ یکم مئی سے لے کراب تک سعودی عرب سے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے50 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچایا گیا ہے پی آئی اے کی جانب سے سعودی عرب سے پاکستان کے تمام شہروں کو جانے والی پروازوں کا کرایہ فکس کر دیا گیا ہے۔جس کے بعد اسلام آباد، لاہور، پشاور، فیصل آباد، کراچی اور ملتان کے لیے ٹکٹ کرایہ ایک جیسا ہی ہو گا۔ سعودیہ میں قائم پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اکانومی کلاس کا یک طرفہ کرایہ 1,816ریال جبکہ سپیشل اکانومی کا کرایہ 2,182 ریال مقرر کیا گیا ہے۔ سفارت خانے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ٹریول ایجنٹ ٹکٹ کے بدلے میں فکس ریٹ سے زیادہ رقم کا مطالبہ کرے تو اس کی اطلاع فوری طور پر پاکستانی سفارتخانے یا پی آئی اے دفتر کو دی جائے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button