پی ٹی آئی رہنماء عالمگیر خان کےبھی خلاف مقدمہ درج

کراچی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء عالمگیر خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماء عالمگیر خان کے خلاف مقدمہ سرکار کی مدعیت میں گلشن اقبال تھانے میں درج کیا گیا اور اس میں مدعی ایس ایچ او اشرف جوگی ہیں جب کہ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ دانستہ طور پر حساس اداروں اور اعلیٰ عدلیہ کی کردار کشی اور تضحیک کی گئی ، جس کا مقصد لوگوں میں انتشار اور بے یقینی پیدا کرنے ، اداروں کے افسران و جوانوں میں بددلی ، بے یقینی اور مایوسی پھیلانا تھا ۔

مدعی ایس ایچ او نے کہا کہ میں گلشن اقبال ایروکلب گراونڈ کے قریب گشت پر تھا کہ اسی دوران گراونڈ کی دیواروں پر مختلف عبارتیں تحریر کی گئی تھیں جہاں ایک پلڑے میں پاکستان کا نقشہ اور دوسرے میں ڈالروں کی گڈی بنائی گئی ، ان میں سے ایک جگہ لکھا تھا جنگل کا قانون ہم سے بہتر ہے ، ان عبارتوں کے ذریعے اداروں اور عدلیہ کی کردار کشی اور تضحیک کی گئی ، اس عمل کا مقصد اداروں کے خلاف اکسانا اور بھڑکانا ہے جب کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پرایک ویڈیو اور 5 تصاویر بھی موصول ہوئی ، ویڈیو میں ایم این اے عالمگیر خان اور 5 نامعلوم افراد ہیں ۔خیال رہے کہ گزشتہ رات دیر گئے کراچی پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے تحریک انصاف کے ایم این اے عالمگیر خان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا ، پولیس اہلکار بنا اجازت پی ٹی آئی رہنما کے گھر میں داخل ہوئے اور سیکورٹی گارڈز اور اہل خانہ سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔ اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ آمد ہوئی ، بنی گالہ آمد پر پولیس نفری کے ہمراہ قیدیوں کی وین بھی موجود تھی ، پولیس کی جانب سے بنی گالہ کے اطراف میں سرچ آپریشن کیا گیا جبکہ اس دوران وہاں موجود تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے شدید نعرے بازی بھی کی گئی ۔اس تمام صورتحال میں تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور بھی بنی گالہ پہنچ گئے ، ان سے ملاقات مین اسلام آباد پولیس نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کو لاحق سیکورٹی خدشات کے باعث بنی گالہ کے اطراف میں سرچ آپریشن کے مقصد سے آئے ، بعد ازاں اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری قیدیوں کی وین کے ہمراہ واپس روانہ ہو گئی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button