عامر لیاقت نے پاکستان چھوڑنے سے پہلے جذباتی ویڈیو پیغام جاری کر دیا

کراچی (نیوز ڈیسک ) منحرف پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے پاکستان چھوڑنے سے پہلے اپنا آخری ویڈیو پیغام جاری کر دیا ، جس میں وہ دانیہ سمیت اپنی سابقہ بیویوں اور پوری قوم سے معافی مانگتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق انسٹاگرام پر عامر لیاقت حسین نے تقریباً 52 منٹ سے زائد کا طویل ویڈیو پیغام جاری کیا ، ویڈیو کے ساتھ عامر لیاقت نے ایک تحریر بھی لکھی جس میں کہا کہ میں نے اس حیاتِ شکستہ میں جس جس کا دل دُکھایا ہے جانے سے قبل ان سب سے معافی مانگتا ہوں، مجھے معاف کر دیجیے گا، جس کسی کا مجھ پر قرض ہے وہ قرض اتار دوں گا ،

مرنے سے قبل اور ایک بڑے چینل سمیت جس نے بھی میری رقم ہضم کر لی ہے وہ بس اللہ سے ڈریں اور ڈھیل کو اپنی دعاؤں کی قبولیت نہ سمجھیں۔عامر لیاقت نے کہا نوجوانوں سے ملتمس ہوں کہ کسی کو جاننے یا اس سے ملنے سے پہلے کسی کی سنی سنائی باتوں میں آکر اپنے والدین کی دوڑ دھوپ ، تکلیف سے پالنے ، حلال کمائی سے آپ کے لیے کمانے اور پھر آپ کی تربیت کرنے کو اپنے عمل سے گندا نہ کریں ، پاکستان کے لیےجیئں اور سیاسی نعروں میں گم ہو کر اپنی فوج کو گالیاں نہ دیں، مذاق کریں لیکن مذاق اڑائیں نہیں، رنگ، نسل، ذات اور شکل و ساخت پر کسی کا بھی مذاق نہ اڑائیے کہ سب احسن تقویم پر پیدا ہوئے۔رکن قومی اسمبلی نے لکھا کہ میں نے جذباتی کیفیت میں اپنی اہلیہ دانیہ کو کچھ بھلا بُرا کہا ہے آپ نہ کہیے گا ، وہ ابھی چھوٹی ہے اور کوئی اسے گرفتار کرے نہ پریشان کیونکہ میں نے تکلیف میں گرفتاری کی بات کہہ دی تھی، اللہ اسے بھی اور بشریٰ، طوبیٰ ، احمد اور دعا کو سلامت رکھے اور سرفراز فرمائے ، بشریٰ مزید اپنی تعلیم اور علم میں ستارہ بن کر چمکیں اور طوبیٰ تو ماشاء اللہ ستارہ بن ہی چکی ہیں جب کہ دعا اس ملک کی بہترین آرٹسٹ بننے جا رہی ہے اور احمد جیسا ذہین انجینئر پاکستان کو جلد ملنے والا ہے ، میں سوشل میڈیا پر ہمیشہ فعال اور جیسا ہوں ویسا ہی ملوں گا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button