عمران خان نے معاشی طور پر ملک تباہ کر دیا، پٹرول کی قیمت بڑھانے کے بجائے کم کر دی گئی،راناثناء اللہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) رانا ثناء اللہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے معیشت تباہ کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کو پٹرولیم مصنوعات سستی کرنے کے فیصلے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے معاشی طور پر ملک تباہ کر دیا، پٹرول کی قیمت بڑھانے کے بجائے کم کر دی گئی۔آئی ایم ایف سے غلط شرائط پر معاہدہ کیا گیا، نااہل اور نالائق ٹولے نے ملک کی معیشت کا بھٹہ بٹھادیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پٹرول، بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ اتحادیوں سے مل کر کریں گے۔
مسلم لیگ ن معاشی فیصلوں کی قیمت اکیلے ادا کرنے کو تیار نہیں، ن لیگ اتحادیوں کے فیصلوں کے ساتھ کھڑے ہونے کو تیار ہے، معاشی بدحالی کی قیمت سب ادا کرنے کو تیار ہیں تو ہم بھی تیار ہیں۔تمام صورتحال اتحادیوں کے سامنے ہے، سب کے علم میں ہے، ہمارا یہی فیصلہ ہے کہ سبسڈی ختم نہیں کی جاسکتی، اس کا گند ہمیں صاف کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ دوسری جانب وزارت خزانہ کے سابق ترجمان نے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے متعلق خبردار کیا ہے۔ مزمل اسلم نے سماجی رابطوں کو ویب سائٹ ٹوئٹر پر مہنگائی کی ستائی قوم کو مہنگائی میں مزید اضافے کی خبر دیتے ہوئے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کی پیشگوئی کردی ہے۔مزمل اسلم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پیر کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ دیکھا جائے گا اور پٹرول فی لیٹر 46 اور ڈیزل 84 روپے فی لیٹر کا اضافہ کردیا جائے گا۔سابق ترجمان وزارت خزانہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ موجودہ حکومت نے درآمدی آر ایل این جی کی قیمت پہلے ہی 40 فیصد بڑھا دی ہے ، بجلی کی قیمت میں بھی مزید 7 روپے فی یونٹ تک اضافہ کیا جائیگا۔پی ٹی آئی رہنما مزمل اسلم نے کہا کہ واضح رہے کہ توانائی کا عالمی بحران پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے، مسلم لیگ ن کی تجربہ کار ٹیم بے نقاب ہوگئی ہے اور ان کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button