پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم کرنے کی تیاریاں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا نے مرحلہ وار سبسڈی ختم کرنے کا مشورہ دے دیا جس کی وجہ سے پٹرول قیمتیں بڑھنے کا امکان ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوگرا نے حکومت کو بھیجی گئی سمری میں پیٹرولیم مصنوعات کی سبسڈی ختم کرنے کا مشور دیتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ کرنے کی تجویز دی ہے ، جس کے تحت ممکنہ طور پر پیٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی کو مرحلہ وار ختم کیا جائے گا ۔بتایا گیا ہے کہ اس وقت حکومت فی لیٹر پیٹرول پر 29 روپے 60 پیسے سبسڈی دیتی ہے ، اگر اسے برقرار رکھا گیا تو 16 مئی سے فی لٹرپیٹرول پرسبسڈی

کی یہ رقم 45 روپے 14 پیسے تک پہنچ جائے گی اور اگر پیٹرولیم مصنوعات سے تمام سبسڈی ختم کی گئی تو فی لٹر پیٹرول 45 روپے 15 پیسے مہنگا کرنا پڑے گا جس کے نتیجے میں فی لیٹر پیٹرول 195 روپے ہوجائے گا ۔معلوم ہوا ہے کہ ڈیزل پر فی لیٹر سبسڈی 73روپے 4 پیسے ہے ، 16 مئی سے ڈیزل پر سبسڈی 85 روپے 85 پیسے تک پہنچ جائے گی جب کہ سبسڈی ختم کرنے سے ڈیزل کی قیمت 230 روپے فی لٹر ہوجائے گی ، اسی طرح مٹی کے تیل پر 16 مئی سے فی لٹرسبسڈی 50 روپے 44 پیسے ہوجائے گی تاہم اگر سبسڈی ختم کردی جائے تو مٹی کے تیل کی قیمت 176 روپے ہو گی ، اوگرا کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز پر فیصلہ آج متوقع ہے۔دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو پٹرولیم مصنوعات سستی کرنے کے فیصلے پر تنقید کا نشانہ بنایا ، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے معاشی طور پر ملک تباہ کر دیا، پٹرول کی قیمت بڑھانے کے بجائے کم کر دی گئی ، آئی ایم ایف سے غلط شرائط پر معاہدہ کیا گیا، نااہل اور نالائق ٹولے نے ملک کی معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا ہے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پٹرول، بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ اتحادیوں سے مل کر کریں گے ، مسلم لیگ ن معاشی فیصلوں کی قیمت اکیلے ادا کرنے کو تیار نہیں، ن لیگ اتحادیوں کے فیصلوں کے ساتھ کھڑے ہونے کو تیار ہے ، معاشی بدحالی کی قیمت سب ادا کرنے کو تیار ہیں تو ہم بھی تیار ہیں ، تمام صورتحال اتحادیوں کے سامنے ہے، سب کے علم میں ہے ، ہمارا یہی فیصلہ ہے کہ سبسڈی ختم نہیں کی جاسکتی ، اس کا گند ہمیں صاف کرنے کی کیا ضرورت ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button