پاکستان میں خوفناک ہیٹ ویو مزید شدت اختیار کر گئی

جیکب آباد(نیوز ڈیسک ) جیکب آباد دنیا کا سب سے گرم ترین علاقہ قرار۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں خوفناک ہیٹ ویو مزید شدت اختیار کر گئی جیکب آباد دنیا کا سب سے گرم ترین علاقہ قرار دیا ہے۔ سماء نیوز کی رپورٹ کے مطابق جیکب آباد 51 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت والا دنیا کا واحد شہر قرار دیا ہے، دنیا کے کسی ملک کے کسی علاقے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اتنی شدید گرمی نہیں پڑی۔مزید بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے دوران پاکستان کے 4 شہروں کے علاوہ دنیا کے کسی علاقے میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ کی سطح تک نہیں پہنچا۔ ہفتے کے دوران جیکب آباد میں 51 ڈگری سینٹی گریڈ،

شہید بے نظیر آباد اور نوابشاہ میں درجہ حرارت 50 عشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ موہنجو دڑو میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے بھی ملک بھر میں گرمی کی لہر برقرار رہے گی، ہفتہ 14 مئی کی شام سے17 مئی تک ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی میں معمولی کمی ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 18مئی سے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے، 18 مئی سے درجہ حرارت میں 7 سے 9 ڈگری اضافہ ہوسکتا ہے، زیادہ درجہ حرارت ہیٹ اسٹروک کا سبب بن سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان، بالائی سندھ، پنجاب میں آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان جبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا گرمی میں شدت آنے کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہنا ہے کہ شدید گرمی میں عوام دھوپ اور گرمی سے بچیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے کے دوران دریاؤں میں پانی کا بہاؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے، گرمی کے دوران توانائی اور پانی کی طلب میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، آبی ذخائر اور فصلوں کو پانی کی کمی کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید گرمی سے آبی ذخائر، فصلوں، سبزیوں اور باغات کے لیے پانی کی قلت کا خطرہ ہے، زیادہ درجہ حرارت کے باعث توانائی اور پانی کی کھپت بڑھ جائے گی، کسان موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دیں اور مویشیوں اور پالتو جانوروں کی ضروریات کا خاص خیال رکھا جائے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button